مظفر آباد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا فیصلہ

مظفرآباد (محاسب نیوز) مظفر آباد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلی سطحی ریاستی کمیٹی کے اجلاس میں کیئے گئے فیصلہ جات کی روشنی میں تجاوزات کے خاتمہ کے سلسلہ میں تیسرا اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق دفتر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلعی انتظامیہ پولیس تعمیرات عامہ شاہرات ڈویژن میونسپل کارپوریشن مظفرآباد ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آفیسران/ زون انچارج نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے اپنے زون ہا میں Soft Encroachment کو ختم کیا ہے اور تجاوز کنندگان کے خلاف استغاثہ جات مرتب کیئے۔ جن میں پیرچناسی روڈچڑکپورہ روڈکلیاں بازار راڑہ چہلہ تا نلوچھی پل سبڑی بازار امبور بازار نیلم پل حیدری بازار مدینہ مارکیٹ ساتھرا گھڑی پن ایریاجات شامل ہیں جبکہ Hard Encroachment کے خاتمہ کے سلسلہ میں کوائف مرتب کرتے ہوئے متعلقین کو نوٹسز جاری کیئے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے کہا کہ تجاوزات کے تدارک اور ممکنہ نقصانات سے بچنے کیلئے دریاں کے کناروں سے دونوں اطراف 100فٹ اور دیگر ندی نالہ جات کے دونوں اطراف سے 30 فٹ کے فاصلے تک ملکیتی/ غیرملکیتی اراضی پر ہر قسم کی تعمیرات پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 ض ف کا نفاذ عمل میں لایا جا چکا ہے۔ تمام زون انچارج عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔زون انچارج آئندہ اجلاس میں دریں بارہ کی گئی کارروائی کی نسبت پراگراس پیش کریں گے۔ ایسے افراد جنہوں نے اراضی خالصہ سرکار پر تعمیرات کی تھیں اور حالیہ مون سون کے دوران نقصانات ہوئے ہیں ایسے افراد کے حق میں مسل آفات سماوی مرتب نہیں کی جائے۔جملہ زون انچارج اپنے اپنے زون میں دریاں /ندی نالوں میں ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے سلسلہ میں بلاتخصیص کارروائی عمل میں لائیں اور پولیس نفری متعلقہ تھانہ ہمراہ رکھنے کے علاوہ بوقت ضرورت 15مددگارسکارڈ کو بھی طلب کیاجائے۔