گلگت بلتستان

حیدرآباد ہنزہ میں نیوٹریشن اور ایلی چائلڈ ڈ ویلپمنٹ کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ

گلگت بلتستان کے کئی اضلاع میں غذائیت کی کمی کے حوالے سے اعداد و شمار نہایت تشویشناک ہیں، جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے،کاشف محمد علی ہاشمی

ہنزہ(محاسب نیوز)محکمہ منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام اور یونیسیف پاکستان کے تعاون سے ہنزہ حیدرآباد میں ”نیوٹریشن” اور ”ایلی چائلڈ ڈویلپمنٹ (ECD)” کی کثیرالجہتی حکمت عملی کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کی صدارت سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان، کاشف محمد علی ہاشمی نے کی۔ورکشاپ میں مختلف متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس تربیتی نشست کا مقصد اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا، دستیاب وسائل کو ترجیحی بنیادوں پر نیوٹریشن اور ECD کے فروغ کے لیے مختص کرنا اور دونوں شعبوں کو مربوط کر کے 8 سال تک کی عمر کے بچوں کی صحت، غذائیت اور ذہنی نشونما پر توجہ مرکوز کرنا تھا۔سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، کاشف محمد علی ہاشمی نے SUN یونٹ گلگت بلتستان کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اپنے نئے پی سی-1 (PC-1) منصوبوں میں نیوٹریشن مارکرز کو شامل کریں تاکہ غذائیت سے متعلق تمام عوامل کو مؤثر طور پر مدنظر رکھا جا سکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے کئی اضلاع میں غذائیت کی کمی کے حوالے سے اعداد و شمار نہایت تشویشناک ہیں، جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر SUN فوکل پرسن اور ڈپٹی چیف سوشل سیکریٹری، محمود الحسن نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہر محکمہ اپنے دستیاب اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتری کے لیے اہداف مقرر کرے اور ECD کے فروغ کو یقینی بنائے۔ورکشاپ کے دوران SUN یونٹ کے کنسلٹنٹ، ڈاکٹر نادر شاہ نے شرکاء کو گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی اور درپیش مشترکہ چیلنجز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان، وفاقی کابینہ اور مختلف اقوام متحدہ کے نیٹ ورکس کی جانب سے نیوٹریشن کے لیے فراہم کردہ وسائل کو حوصلہ افزا قرار دیا۔

Related Articles

Back to top button