چکوٹھی کا ر چوری کیس‘ چناری پولیس نے مزید 2ملزمان گرفتار کر لئے

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)ایس پی جہلم ویلی سیدعباس علی کی خصوصی ہدایت پرتھانہ پولیس چناری نے چکوٹھی کار چوری کیس میں ملوث سدھانی،کھٹائی کے رہائشی مزید دو ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا،ایک اور ملزم کی گرفتاری اور واردات میں استعمال ہونے والی کار کی ضبطگی کے لیے چناری پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری، پولیس نے منگل کے روز تینوں ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے چار روزہ ریمانڈحاصل کر لیا۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل چکوٹھی،میرابکوٹ ڈولی کے قریب سے کرولہ کار چوری کی گئی،پولیس نے بروقت اطلاع ملنے پر چوری شدہ کار سمیت واردات میں ملوث ایک ملزم فہد کیانی ولد ندیم کیانی ساکن تلی کوٹ کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا تھا،ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے تین دوست اسے ساتھ لے گئے تھے پولیس کے پہنچنے پر وہ فرار ہو گئے اور میں گرفتار ہو گیا،چوری ہونے والی کار کے مالک محمد قدیر اعوان ولد محمد نذیر اعوان ساکن میرا بکوٹ نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنی زاتی کرولہ کار چکوٹھی ڈولی کے قریب کھڑی کر کے گھر چلا گیا رات کی تاریکی میں ملزم فہد کیانی اپنے دیگر تین ساتھیوں سمیت گاڑی چوری کر کے لے گیا،پولیس نے مستغیث کی درخواست پر زیر دفعہ 381A اے پی سی کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری طور پر گاڑی سمیت ملزم فہد کیانی کو گرفتار کر لیا تھا،اس کے انکشاف پر تھانہ چناری کے ایس ایچ او ممتاز چوہدری،اے ایس آئی قدیر مغل،شہزاد خان،ڈی ایف سیزراجہ وحید،قاضی مبارک اورخواجہ شبیر نے دوبارہ کارروائی کرتے ہوئے مزید دو ملزمان حسن کیانی ولد مشتاق کیانی،طلحہ ولد نصیر کیانی ساکنان کھٹائی کو بھی گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا ہے جبکہ مزید ایک ملزم کی گرفتاری اور واردات میں استعمال ہونے والی کار کی ضبطگی کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں،گرفتار ہونے والے دو ملزمان نے مزید چوریوں کا بھی انکشاف کیا ہے،عوامی حلقوں نے چوروں کی گرفتاری پر ایس ایچ او تھانہ چناری ممتاز چوہدری سمیت دیگر اہلکاران کو مبارکباد دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رہ جانے والے ایک اور ملزم کو بھی گرفتار کر کے سخت سے سخت سزائیں دی جائیں تانکہ آئندہ کوئی چوری کی ہمت نہ کر پائے،دریں اثناء چوری کی واردات کی خبریں پرنٹ میڈیا پر چلنے کے بعد چوروں کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر جہلم ویلی کے صحافیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے من گھرٹ الزامات لگانا شروع کر رکھے ہیں،صحافی برادری نے حکام سے فوری نوٹس لینے اور صحافی برادری کو پیشہ وارانہ فرائض سے روکنے کی کوششوں پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے