ناظم تعلقات عامہ امجد حسین منہاس کے اعزاز میں پروقار لوداعی تقریب انعقاد

مظفرآباد(پی آئی ڈی)ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس کے اعزاز میں دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے ان کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے میزبان بیوروچیف دنیا ٹی وی، سینئر صحافی اسلم میر تھے جبکہ صحافی اقبال میر نے تقریب کی نظامت کے فرائض سر انجام دئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ صحافی کمیونٹی کی جانب سے ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس کے اعزاز میں الوداعی تقریبات کا انعقاد خوش آئند ہے، ایسی روایات سے اداروں کے مابین باہمی رابطہ کاری کو تقویت ملتی ہے، صحافی برادری مشکل ترین حالات میں خطے کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بلا تنخواہ کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیش رو مقررین نے ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس کے متعلق جو تعریفی کلمات کہے میں ان کی تائید کرتا ہوں اور ان کی آنے والی زندگی میں کامیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ چئیرمین پبلک اکا¶نٹس کمیٹی عبدالماجد خان نے کہا کہ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات خوش قسمت آفیسر ہیں جو باعزت طریقے سے اپنی سروس مکمل کر کے جا رہے ہیں، ہر قسم کے حالات میں ریاست کیلئے خدمات دینے والے آفیسران مبارکباد کے مستحق ہیں، آفیسران کیسے بھی حالات ہوں آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے ریاست اور عوام کے مفاد میں جانفشانی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ مجھے بطور وزیر محکمہ اطلاعات کے بہترین آفیسران کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، سیکرٹری انڈسٹریز عدنان خورشید نے ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس کے ساتھ مل کر نامساعد حالات میں بہترین کام کیا، نوتعینات سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف بہترین اوصاف کے حامل اور لائق آفیسر ہیں، امید ہے محکمے کی بہتری اور صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے۔ سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت کا چہرہ ہے، محکمے کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے آفیسر موصوف اس حوالے سے خو ش قسمت ہیں کہ وہ اپنی کامیاب سروس مکمل کر کے باعزت طریقے سے ریٹائر ہو رہے ہیں، موصوف انتہائی وضع دار، خوشگفتار اور نفیس آفیسر ہیں جنہوں نے صحافی برادری کے ساتھ مثالی تعلقات قائم کرتے ہوئے حکومت کی نیک نامی کیلئے بہترین کام کیا۔ آج اس موقع پر ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں ان کو آنے والی زندگی میں کامیابی عطا فرمائے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انڈسٹریز سردار عدنان خورشید نے کہا کہ ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس نے محکمہ اطلاعات میں اچھا ٹائم گزارا ہے، مجھے بطور سیکرٹری اطلاعات موصوف کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ رہا، انہوں نے صحافی کمیونٹی کا بھی غیر مشروط تعاون پر شکریہ ادا کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس نے اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر دنیا ٹی وی کے بیوروچیف، سینئر صحافی اسلم میر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ خدمات کے دوران صحافتی برادری کا تعاون اور رہنمائی ہمیشہ میرے ساتھ شامل رہی جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی سروس کے دوران عوام کو بروقت، شفاف اور درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور میڈیا کے ساتھ اعتماد اور احترام پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کی ہمیشہ کوشش کی۔آج اس موقع پر میں اپنی پوری ٹیم آفیسران سے لے کر نائب قاصد تک سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہر نشیب و فراز میں بطور ٹیم مجھے کامیاب بنایا۔ میں سیکرٹری سردار عدنان خورشید کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے ہر مشکل حالات میں میرا ساتھ دیا۔ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے زندگی کا ایک باب بند ہوتا ہے تو دوسرا کھل جاتا ہے، میرا آپ سب سے تعلق آج ختم نہیں ہوا انشائ اللہ احترام کا یہ رشتہ تا دم زندگی قائم رہے گا۔ آخر میں انہوں نے نیک خواہشات پر وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی، چئیرمین پبلک اکا¶نٹس کمیٹی عبدالماجد خان، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف، سیکرٹری انڈسٹریز سردار عدنان خورشید، صحافی برادری، محکمہ کے آفیسران کا عزت افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے میزبان بیوروچیف دنیا ٹی وی اسلم میر، وائس چئیرمین پریس فاونڈیشن سردار ذوالفقار، سابق صدور پریس کلب سید آفاق حسین شاہ، طارق نقاش، سہیل مغل نے ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس کو شاندار سروس کی تکمیل پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور ڈائریکٹر موصوف نے مشکل ترین حالات میں محکمہ اطلاعات کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کیا۔بے خوف ہو کر اپنی سروس کی، ہمیشہ میرٹ پر کام کئے اور صحافتی صنعت کی بہتری کیلئے اقدامات کئے، محکمہ اطلاعات کے آفیسران محدود وسائل کے ساتھ بہترین کام کر رہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں جو روایات محکمہ اطلاعات کے پیش رو سربراہان نے قائم کی ہیں آنے والے بھی انہیں قائم رکھتے ہوئے محکمے کو جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔




