گلگت شہر میں حالات مکمل طور پر نارمل ہیں،ایمان شاہ
ہم سب گلگت بلتستان کے باسی ایک ہیں، ہمارا مقصد امن، ترقی اور باہمی احترام کا فروغ ہے۔

گلگت(محاسب نیوز)معاون خصوصی برائے اطلاعات حکومت گلگت بلتستان ایمان شاہ نے کہا ہے کہ الحمداللہ گلگت شہر میں حالات مکمل طور پر نارمل ہیں۔امن کے قیام اور شہر میں بھائی چارے کے فروغ میں علماء کرام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کے خطبوں میں دونوں مکاتبِ فکر کے علمائے کرام نے نہایت دانش مندی کے ساتھ اتحاد، یکجہتی اور امن کا پیغام دیا، جو گلگت بلتستان کی مثبت روایات کا عکاس ہے۔ ایمان شاہ نے کہا کہ ہم سب گلگت بلتستان کے باسی ایک ہیں، ہمارا مقصد امن، ترقی اور باہمی احترام کا فروغ ہے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان وزیرِاعلیٰ حاجی گلبر خان کی قیادت میں خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور امن و بھائی چارے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ تمام علمائے کرام کو سلامت رکھے اور گلگت بلتستان کو ہمیشہ امن و محبت کا گہوارہ بنائے۔