انوار الحق کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے‘پیپلزپارٹی آزادکشمیر

مظفرآباد (محاسب نیوز)پیپلز پارٹی حکومت سے الگ ہوگی یا نہیں،پارلیمانی پارٹی آزادکشمیر نے فیصلہ صدر آصف علی زرداری پر چھوڑ دیا، کراچی میں محترمہ فریال تالپور کی زیر صدارت اہم ترین جماعتی و پارلیمانی پارٹی اجلاس میں سو فیصد رائے انوارالحق کو ہٹا کر پارٹی حکومت قائم کرنے پر رہی، حتمی فیصلہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کریں گے، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فریال تالپور کی زیر صدارت زرداری ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنماؤں قمر الزمان کائرہ، اور راجہ پرویز اشرف سمیت آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی نے شرکت کی،ذرائع کے مطابق کراچی میں ہونے والے اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے رہنماؤں نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال اور تحفظات سے آزاد کشمیر کی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور اور سنئیر رہنماؤں کو آگاہ کیا،آزاد کشمیر کی قیادت کے اس بات سے اتفاق کیا گیاکہ انوار الحق حکومت کے ساتھ مزید نہیں چلا جا سکتا ہے پارلیمانی پارٹی کی تجاویز کے بعد سنئیر رہنماؤں نے حتمی فیصلے کا اختیار آصف علی زرداری سے مشروط کر دیا،صدر آصف علی زرداری انوار الحق حکومت سے علیحدگی کے فیصلے کی توثیق کریں گے جس کے بعد پیپلز پارٹی حکومت سے الگ ہو جائے گی، یاد رہے کہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی اس وقت اسمبلی میں عددی اعتبار سے بڑی جماعت ہے جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے بھی انوار الحق حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیاہے زرائع کے مطابق مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت کئی عرصہ سے حکومت سے الگ ہونے کی بات کر رہی ہے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم وزیر اعظم پاکستان سے آئندہ چند دن میں ملاقات کے بعد اس کی توثیق ہو جائے گی جس کے بعد مسلم لیگ ن حکومت سے الگ ہو جائے گی