محکمہ تعلیم سکولز آزاد کشمیر اور کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان معاہدہ

مظفرآباد(محاسب نیوز)محکمہ تعلیم سکولز آزاد کشمیر میں انقلابی اقدامات کا سلسلہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے تعلیم دوست ویژن اور وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی کی سربراہی میں تیزی سے جاری ہے۔سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنایت علی محکمہ تعلیم میں اصلاحات کے نئے باب رقم کرنے میں کوشاں ہیں۔ اسی سلسلے میں محکمہ تعلیم سکولز آزاد کشمیر اور کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مابین ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوئے۔ اس معاہدے کے تحت آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں میں کردار سازی اور CLE ایجوکیشن (Citizenship, Leadership, Entrepreneurship) کو متعارف کرایا جائے گا۔ تقریب میں محکمہ تعلیم سکولز کے اعلیٰ افسران، وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی، سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنایت علی اور کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اعلیٰ عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔شرکاء نے اس معاہدے کو طلبہ کی کردار سازی، قیادت کی صلاحیتوں کے فروغ اور عملی زندگی کی تیاری میں سنگِ میل قرار دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس شراکت داری سے طلبہ میں نہ صرف مثبت رویوں اور اعلیٰ کردار کو فروغ ملے گا بلکہ مستقبل کے لیے بااعتماد قیادت اور عملی زندگی کی تیاری میں بھی مدد ملے گی۔ مزید برآں، یہ مفاہمتی یادداشت پورے پاکستان کے تمام صوبوں میں کردار سازی کے حوالے سے ایک ماڈل معاہدہ قرار دی گئی ہے، جس کے تحت سب سے پہلے آزاد کشمیر میں ایجوکیشن سیکٹر میں کردار سازی اور طلباء و طالبات میں قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم سکولز آزاد کشمیر کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے نئی نسل کو عصر حاضر کے مطابق ہنر مند اور باکردار شہری بنایا جائے گا۔



