جامعہ کشمیر شعبہ اردو کے طلبہ کو ٹی وی اور ریڈیو میں تربیت دلانے کا فیصلہ

مظفرآباد(محاسب نیوز)جامعہ کشمیر شعبہ اردو کے طلبہ کو ریڈیو اور ٹیلی ویژن میں تربیت دلوانے کا فیصلہ،آزادکشمیر ٹیلی ویژن سنٹر اور ریڈیو مظفرآباد نے طلبہ کی صلاحیتیوں کو نکھارنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کا یقین دلا دیا،جامعہ کشمیر شعبہ اردو میں طلبہ کو ذرائع ابلاغ، ریڈیو اورٹیلی وڑن کے عملی تقاضوں کی اہمیت سے روشناس کروانے کے لیے سیمینار کا انعقاد،آزادکشمیر ٹیلی ویژن کے جنرل منیجر غضنفر عبداللہ اور اسٹیشن ڈائریکٹر آزاد کشمیر ریڈیو مظفرآباد طاہر چغتائی کی خصوصی شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام الہی سے کیا گیا جس کی سعادت شعبہ اردو کے طالب علم بلال میر نے حاصل کی، تلاوت کے بعد علی چودھری نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا، نظامت کے فرائض لیکچرار شعبہ اردو مہتاب عالم نے انجام دیے، اس نشست کا مقصد فروغ زبان و ادب میں ریڈیو اور ٹیلی وڑن کے کردار کو نمایاں کرنا تھا تاکہ طلبہ عملی زندگی میں اپنی فنکاروانہ صلاحیتوں کا ادراک کر کے میدان عمل کا درست انتخاب کر سکیں، اس موقع پر اسٹیشن ڈائریکٹرآزادکشمیر ریڈیو طاہر چغتائی نے ریڈیو کی فعالیت اور زبان و ادب میں اس کے کردار کو نمایاں کیا، ان کا کہنا تھا کہ اب ریڈیو ”ون مین شو“ بن چکا ہے، پہلے ریڈیو صرف سنا جاتا تھا لیکن اب ہم ریڈیو کو سننے کے ساتھ ساتھ دیکھ بھی سکتے ہیں، دور کے بدلتے تقاضوں کے ساتھ ریڈیو نے بھی اپنے کردار کو زیادہ فعال کیا ہے، یہ بیانیہ درست نہیں کہ”لوگ ریڈیو نہیں سنتے“۔ ریڈیو آازد کشمیر کے سوشل پیج پر گزشتہ چھے ماہ میں پانچ کروڑ لوگوں نے ریڈیو پروگرامز سنے ہیں،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر آزاد کشمیر ٹیلی ویژ ن غضنفر عبداللہ نے طلبہ کے لیے ٹیلی ویژن کے مختلف شعبہ جات اور ممکنہ خدمات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر یہ بتایا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا نے ذرائع ابلاغ کو تبدیل کر دیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ رسمی ابلاغیاتی ادارے سوشل میڈیا پر غالب ہوتے جا رہے ہیں، فرد کا شخصی موقف اداروں کے قومی موقف کا کبھی متبادل نہیں بن سکتا،سیمینار کے آخر میں سربراہ شعبہ اردو ڈاکٹر میر یوسف میرنے مہمانان گرامی کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور یہ تجویز پیش کی کہ شعبہ اردو کے ساتھ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کو باضابطہ اشتراک عمل کی طرف بڑھنا چاہیے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتیں قومی اداروں میں صرف ہو سکیں اور طلبہ کی فنکارانہ لیاقت میں نکھار پیدا کر کے انھیں فعال فرد بنایا جا سکے، ڈاکٹر میر یوسف میر کی اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے غضنفر عبداللہ جنرل منیجر آزاد کشمیر ٹیلی ویژن اور طاہر چغتائی اسٹیشن ڈائریکٹر آزاد کشمیر ریڈیو مظفرآباد نے طلبہ کے لیے ادارہ جاتی تربیت اور ٹریننگ کرنے کی یقین دہانی کروائی تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔




