مظفرآباد

نئی حکومت منسوخ شدہ خصوصی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس بحال کرے،زاہد امین

مظفرآباد(محاسب نیوز)نیوہارک آزاد کشمیر کے معروف سیاسی و سماجی رہنما سابق چئیرمین ترقیاتی ادارہ مظفرآباد و چئیرمین مظفرآباد سٹی ڈویلپمنٹ فاونڈیشن زاھد امین نے کہا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں انوار سرکار کی جانب سے اہم سرکاری شعبوں میں عدم توجہی کے باعث بدترین انتظامی مسائل جنم لیتے رہے ہیں جبکہ عوام دشمن پالیسیوں اور اہم ترقیاتی منصوبوں کی تاخیر نے مسائل کو مزید گھمبیر بنا دیا یے۔ سابقہ دور میں مرکز سے منظور شدہ منصوبوں پر موثر پیش رفت نہ ہونے کے باعث عوامی مشکلات میں اضافہ ہواہے۔ نیویارک سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں زاھد امین نے نئی حکومت کو اہم تجاویز ارسال کی ہیں۔ نئی حکومت کو بھیجے گئے اہم پیغام میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ سابق حکمرانوں نے نہ صرف عوامی مفاد کے متعدد خصوصی منصوبے معطل کر دیے بلکہ عملی سطح پر انتظامی سرگرمیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے نئی حکومت سے مطالبہ کیا کہ منسوخ شدہ خصوصی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو فوری طور پر ADP میں بحال کیا جائے، نیلم جہلم کے تمام تکنیکی نکات اور 1990ء کے مہاجریں جموں و کشمیر کی آبادکاری و بحالی پیکیج پر بھی ازسرِنو پیش رفت کی جائے۔ مزید برآں، لوئر ٹوپہ مری ایکسپریس وے کو PSDP میں شامل کرنے اور مظفرآباد اور راولاکوٹ کیلیے دو نئے تعلیمی بورڈز کی منظوری جیسے اہم اداروں کی بھی منظوری دی جائے۔ زاھد امین نے نئی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام التوا شدہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے تاکہ خطے میں معاشی اور سماجی استحکام ممکن بنایا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button