مظفرآباد

یاسین ملک اور شبیر شاہ کی صحت دوران حراست بگڑ گئی، میرواعظ کو تشویش

سرینگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے سینئر حریت رہنماؤں محمد یاسین ملک اور شبیر احمد شاہ کی غیر قانونی نظربندی کے دوران تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔سرینگر سے جاری ایک بیان میں میر واعظ نے کہاہے کہ دونوں رہنماؤں کے اہلخانہ کے مطابق، جنہوں نے حال ہی میں جیل میں ان سے ملاقات کی ہے، یاسین ملک اور شبیر احمد شاہ دونوں کی صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ شبیر احمد شاہ کی اہلیہ نے انہیں ایک خط میں آگاہ کیا ہے کہ ان کی بیٹی نے ایک ماہ قبل جب جیل میں اپنے والد سے ملاقات کی تھی تو ان کی حالت نہایت ابتر تھی،وہ انتہائی کمزور اور علیل دکھائی دے رہے تھے، جنہیں فوری علاج کی ضرورت تھی۔میرواعظ نے کہا کہ یہ صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔انہوں نے بھارتی حکومت سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شبیر احمد شاہ کی رہائی، یا اہلخانہ کی درخواست کے مطابق انہیں گھر پر ہی نظر بند رکھنے کی درخواست کی۔ میرواعظ نے کہا کہ یاسین ملک کی والدہ اور بہن نے بھی حال ہی میں ان سے جیل میں ملاقات کی ہے۔ انہوں نے یاسین ملک کی صحت کے بارے میں شدید خدشات ظاہر کیے ہیں۔ طویل قید اور مسلسل تنہائی نے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت پر گہرا اثر ڈالا ہے اورانہیں بھی فوری علاج معالجے کی ضرورت ہے۔ میرواعظ نے قابض حکام سے مطالبہ کیا کہ دونوں حریت رہنماؤں کو فوری طورپر علاج معالجے کی مناسب سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی جیلوں میں سخت حالات اورعلاج معالجے اور مناسب خوراک کی سہولت کی عدم فراہمی کی وجہ سے کشمیری کو سخت اذیت کاسامنا ہے اور وہ مختلف عارضوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔میرواعظ نے کہا کہ یہ سیاسی اختلافات یا نظریاتی وابستگیوں سے بالاتر ایک انسانی اور اخلاقی مسئلہ ہے۔ انہوں نے تمام علیل کشمیری نظربندوں کو فوری اور موثر طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا اورعدالتوں و حکام سے اپیل کی کہ کشمیری نظربندوں کے انسانی حقوق اور صحت کی ابترحالت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کیا جائے۔انہوں نے جموں و کشمیر اسمبلی کے تمام منتخب نمائندوں سے بالخصوص حکمران جماعت سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی رہائی اور ان کے حقوق کی بحالی کے لیے موثر آواز اٹھائیں۔

Related Articles

Back to top button