کوٹلی، مذہبی امور کے زیر اہتمام رحمت العالمین و خاتمہ النبین کانفرنس

کوٹلی(بیورورپورٹ) محکمہ مذہبی امور کے زیر اہتمام ایک روزہ ”رحمتہ للعالمین و خاتمہ النبیین ﷺ” کانفرنس کا انعقاد۔ ڈائریکٹر مذہبی امور مفتی حافظ نذیر احمد قادری کی خصوصی آمد و خطاب۔ تجوید القرآن ٹرسٹ کے قراء اور حفاظ کرام کی بھرپور شرکت۔ مقررین نے ”سیرت النبی ﷺ اور پیغام پاکستان کی روشنی میں استحکام پاکستان” کے عنوان سے تقاریر کیں۔ کانفرنس کا باضابطہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت سید ابرار حسین شاہ نے حاصل کی جبکہ ثناء خوانان محمد عرفان، شفقت قادری نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ کانفرنس میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض تحصیل مفتی فتح پور تھکیالہ مفتی ارشد محمود رضوی نے سر انجام دیے۔ اس عظیم الشان کانفرنس سے ڈائریکٹر مذہبی امور مفتی حافظ نذیر احمد قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آقائے دو جہاں ﷺ رحمتہ للعالمین ہیں اور ان کی رحمت کے صدقے اللہ رب العزت نے ہمیں وطن عزیز پاکستان عطا کیا۔ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا جو اللہ پاک کا امت مسلمہ پر خاص انعام ہے۔ پاکستان گورنمنٹ نے 1974 میں قانون پاس کرتے ہوئے قادیانیوں کو گستاخ قرار دے کر پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ جو ملک رسول اللہ ﷺ کی نظر کرم سے قائم ہوا اس ریاست کا عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے دو ٹوک اور اٹل ہے۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت پر تمام طرز فکر کے جید علماء نے اپنی اپنی توفیق کے مطابق پہرہ دیا لیکن ان میں بعض ایسے لوگ بھی ہیں جنہیں تاریخ کبھی بھول نہیں سکتی۔ ہم نے آزاد کشمیر میں ”ختم نبوت پر ایمان” کو نکاح نامے کا حصہ بنایا اور ہماری تحریک کے نتیجے میں پاکستان میں بھی اس پر کام ہوا اور اب پورے پنجاب میں ختم نبوت پر ایمان کو نکاح نامے کا حصہ بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس کا ختم نبوت پر ایمان نہ ہو وہ مسلمان ہو ہی نہیں سکتا۔مملکت پاکستان کی دفاعی سرحدیں مضبوط تر ہیں جو کہ پوری دنیا جان چکی ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں معاشی و سیاسی استحکام لایا جائے جس کے لیے علماء اپنے حصے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج اللہ پاک کے فضل و کرم سے تجوید القرآن ٹرسٹ ایک مضبوط ادارہ بن چکا ہے




