مظفرآباد

انوارالحق بطور وزیراعظم چیف الیکشن کمشنر تقرری کیلئے کارروائی کریں،خواجہ فاروق

مظفرآباد (محاسب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے آزادکشمیر کی موجودہ جاریہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوں کے ذمہ داران سے کہا ہے کہ جو بندر بانٹ اقتدار کی کرنی ہے جلدی جلدی کرلیں،تحریک عدم اعتماد پیش کرنی ہے،انوارالحق سے استعفیٰ لینا ہے جو بھی کرنا ہے کرلیں تاکہ آزادکشمیر میں آج کل جوافراتفری حکومتی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں کا خاتمہ ہوسکے۔خواجہ فاروق احمد نے انوارالحق وزیراعظم سے یہ مطالبہ کیا کہ وہ اگر چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کا عمل مکمل کرلیں تو اقتدار کے لیے تڑپنے والی دونوں پارٹیوں کو پھر سکندر سلطان راجہ جیسا الیکشن کمشنر آزادکشمیر میں لگانے کا موقع نہیں ملے گا کیونکہ ان دونوں کا پروگرام ہے کہ تمام آئینی عہدے صدر،وزیراعظم،سپیکر سب عہدے ا ن کے پاس ہوں گے تو اپنی مرضی کا چیف الیکشن کمشنر وزیراعظم پاکستان/چیئرمین کشمیر کونسل سے تعینات کرواکر جولائی 2026ء کے الیکشن میں 8فروری 2024ء جیسا رزلٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے وزیراعظم انوارالحق سے کہا کہ اگر وہ اقتدار سے چلے بھی جاتے ہیں تو کم از کم ان دونوں پارٹیوں کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنے کا موقع نہ دیں۔بطور موجودہ قائد ایوان اپوزیشن لیڈر مجھ سے مشاورت کا عمل آج بھی مکمل کر کے پینل وزیراعظم پاکستان کو بھجوادیں تاکہ ان دونوں پارٹیو ں جن کو اقتدار کا خون منہ کو لگ چکا ہے اس حوالے سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے اور کوئی اچھی شہرت والا غیر جانبدار چیف الیکشن کمشنر جولائی 2026ء کے انتخابات میں سلطان سکندر راجہ جیسا کردار جب ادا نہیں کرے گا تو انتخابات پر عوام کا اعتماد بڑھ جائے گا۔ابھی بطور وزیراعظم انہیں چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے پراسس مکمل کرنے میں کوئی رکاوٹ نہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بھی چاہتی ہے کہ آزادکشمیر میں 8 ماہ بعد ہونے والے انتخابات کسی نیک نام اچھی شہرت والے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہوسکیں اور اس کام کے لیے ہر ممکن تعاون ہوگا۔

Related Articles

Back to top button