ریونیو ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میں ترقیاتی کام نہ ہو سکے

مظفرآباد (محاسب نیوز)ریونیو ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میرپور میں 16 سال بعد بھی ترقیاتی کام نہ ہو سکے، کروڑوں روپے جمع کرنے کے باوجود ملازمین بنیادی سہولیات سے محروم، طاقتور مافیا آڈٹ کی راہ میں رکاوٹ بن گیا، مبینہ کرپشن کا انکشاف، تاحال کسی کے خلاف کارروائی نہ کی جا سکی،تحقیقات میں بڑے اور بظاہر معتبر نام سامنے آنے کا امکان، متاثرہ ملازمین نے ریاست گیر احتجاج کے لئے مشاورت شروع کر دی۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ریونیو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ میرپور، جو 21 مئی 2009 کو رجسٹرار امدادِ باہمی مظفرآباد کے تحت رجسٹر ہوئی تھی، قیام کے 16 برس بعد بھی ترقیاتی کاموں سے محروم ہے۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے درجنوں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ سوسائٹی نے ان سے کروڑوں روپے وصول کیے مگر آج تک سڑک، بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔دستاویزات کے مطابق سوسائٹی کی رجسٹریشن محکمہ امدادِ باہمی ضلع میرپور کی سفارش نمبر 134۔ 15 مئی 2009 کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ منظوری کے تحت سوسائٹی کے اثاثہ جات کی سالانہ آڈٹ لازمی قرار دی گئی تھی، مگر متاثرہ ملازمین کے مطابق 16 سال گزرنے کے باوجود آج تک کوئی آڈٹ نہیں ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سوسائٹی نے ملازمین سے رقوم اکٹھی کر کے تقریباً 1400 کنال اراضی خریدی، مگر اس پر ترقیاتی منصوبے تاحال شروع نہیں کیے جا سکے۔




