مظفرآباد

دارالحکومت میں پارکنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا، ٹریفک جام معمول بن گی

مظفرآباد(سٹی رپورٹر)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی مصروف ترین شاہرات کے کناروں پر رانگ پارکنگ کو روکا نہ جا سکا۔ راہگیر، پیدل چلنے والے شدید اذیت کا شکار ہو کر رہ گئے، آئے روز حادثات میں اضافہ جبکہ قرب و جوار کے تاجروں اور رانگ پارکنگ کرنے والوں میں لڑائی جھگڑے عام ہو گئے۔ ٹریفک پولیس اہلکاران کی انوکھی منطق، حکومت پارکنگ کے لیے جگہ بنائے ہم کیا کریں، جو لوگ خریداری کی غرض سے آتے ہیں انہوں نے گاڑیاں موٹر سائیکل کہیں تو کھڑی کرنی ہیں۔ چوکوں چوراہوں اور مصروف ترین شاہرات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاران کا موقف۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی مصروف ترین شاہرات چوک چوراہے خاص کر بینک روڈ، اپر اڈہ، ویسٹرن بائی پاس، بینک سکوائر چھتر سمیت دیگر پر سڑک کنارے رانگ پارکنگ کی بھرمار نے عام لوگوں کا چلنا پھرنا دو بھر کر رکھا ہے۔رہتی کسر ریڑھی بانوں، تھڑا فروشوں نے پوری کر دی ہے۔ پارکنگ کا مسئلہ حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت شہریوں کے لیے پارکنگ مختص کرے، ہم کیا کر سکتے ہیں۔ بینک روڈ، ویسٹرن بائی پاس سمیت دیگر مصروف ترین شاہرات چوکوں چوراہوں میں رکشہ سوزوکی بائیکیا اور دیگر پرائیویٹ گاڑیوں نے پارکنگ کے علاوہ خود ساختہ اڈے بھی قائم کر رکھے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ جس کی وجہ سے آئے روز حادثات میں اضافہ اور ٹریفک اژدھام بڑھتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سمیت ٹریفک پولیس کے اعلی افسران سے درخواست کی ہے کہ وہ مصروف ترین شاہرات چوکوں چوراہوں میں تعینات پولیس اہلکاران کو فری ہینڈ دیں تاکہ وہ اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے سر انجام دے سکیں۔ شہریوں نے کہا ہے کہ مصروف ترین شاہرات کنارے غیر قانونی پارکنگ اڈے بنانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹا جائے تاکہ ائے روز ہونے والے حادثات لڑائی جھگڑوں میں کمی واقع ہو سکے۔

Related Articles

Back to top button