میرپور‘ فوڈ سیفٹی SOPsکی خلاف ورزی پرچار فوڈ بزنس آپریٹرز کو وارننگ

میرپور (بیورو رپورٹ)آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی میرپور نے مقامی شہر کے صنعتی علاقے میں قائم مختلف مارکیز اور فاسٹ فوڈ سینٹرز کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی SOPs کی خلاف ورزی، غیر معیاری انتظامات اور ناقص صفائی پر مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا، جبکہ چار فوڈ بزنس آپریٹرز کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔یہ کارروائی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر / فوڈ سیفٹی آفیسر عدنان علی نقوی کی سربراہی میں کی گئی، کارروائی ٹیم میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز آصف ریاض اور شہریار خان شامل تھے۔دورانِ پڑتال کچھ مراکز میں فوڈ سیفٹی SOPs پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا، جس پر AJK فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کی دفعہ 22 (قانون کے برخلاف خوراک کی فروخت) اور دفعہ 29 (غیر صحت بخش و غیر محفوظ حالات میں خوراک کی تیاری و فروخت) کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ AJK پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 کی خلاف ورزی بھی ثابت ہوئی۔فوڈ اتھارٹی کی جانب سے تمام مارکیز کو صرف آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی سے رجسٹرڈ پانی کے استعمال کی سخت ہدایات جاری کی گئیں اور واضح کیا گیا کہ آئندہ کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔فوڈ اتھارٹی حکام نے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے انضباطی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔



