مظفرآباد

مظفرآباد اور راولاکوٹ میں نئے تعلیمی بورڈ کا قیام ناگزیر ہے، ماہرین تعلیم

مظفرآباد(محاسب نیوز) محمد شریف اعوان ناظم اعلی تعلیم(ر)، ڈاکٹر مقبول طاہر ناظم اعلی تعلیم(ر)، محمد شفیع عباسی ڈائریکٹر تعلیم(ر) اور محمد بشیر اعوان امیر جماعت اسلامی جہلم ویلی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مظفرآباد اور راولاکوٹ نئے تعلیمی بورڈز کا قیام ناگزیر ہے۔ اس کی ضرورت اور مطالبہ ایک عرصہ سے کیا جاتا رہا ہے۔ ہر حکومت اس جائز مطالبہ کو تسلیم کر کے اعلانات بھی کرتی رہی مگر بوجوہ اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ بھلا ہو ایکشن کمیٹی کا جس نے یہ دیرینہ اور عوامی مطالبہ تسلیم کروایا۔ عملدرآمد کے مرحلہ پر میرپور کے بعض مہربانوں کی طرف سے تلخ بیانات سے تعصب اور خودغرضی کی بو آتی ہے۔ یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ یہ علاقائی اور سیاسی معاملہ نہیں ہے۔ بلکہ سارے آزاد کشمیر کے طلباء اور طالبات کی سہولت کا معاملہ ہے۔ جس کے سارے پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر تسلیم کیا گیا ہے۔ آبادی میں اضافہ کے باعث راولاکوٹ اور مظفرآباد میں کافی پہلے بورڈز قائم ہونے چاہیے تھے۔ اسے ضلعی رنگ دینا مناسب نہیں۔ بورڈ کسی ایک ضلع نے نہیں بنایا تھا بلکہ سارے آزاد کشمیر کے طلبہ و طالبات کے فنڈز سے چل رہا ہے۔ اثاثہ جات کی تقسیم کا سارے پاکستان میں ایک مسلمہ اصول ہے۔ یہ کسی کی انفرادی ملکیت نہیں۔ یہ بحث چھیڑنے والوں کو یہ بات بھی پیش نظر رکھنی چاہیے کہ مظفرآباد اور راولاکوٹ کے بعد تقریبا ہر ضلع میں یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالجز قائم کیے گئے، اس پر کسی نے ناراضگی کا اظہار نہیں کیا۔ بلکہ کئی سالوں سے بعض ادارے صرف میرپور میں قائم ہیں جن میں ٹیچرز ٹریننگ کالج افضلپور، محکمہ صحت کے بنیادی کورسز کا ادارہ اور فزیکل ایجوکیشن کا واحد ادارہ اور چند مزید میرپور میں چل رہے ہیں۔ اس پر کسی کو نہ اعتراض ہوا اور نہ اب ہے۔ کسی وقت لاہور واحد بورڈ تھا اب تقریبا پنجاب میں ہر ڈویژن کی سطح پر 21 بورڈز بن چکے ہیں۔ اس بنیادی سہولت کے دور دراز کے بچوں کے قریب ہونے پر خوش ہونا چاہیے۔ ایسے میں بیان بازی کرنے والے دوستوں کو مشورہ ہے کہ اس لاحاصل اور غیر ضروری بحث کو نہ چھیڑیں۔ یہ کسی کے مفاد میں نہیں۔ آخر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کی خدمت میں تجویز ہے کہ تسلیم شدہ اس مطالبہ پر مقررہ مدت کے اندر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس طرح کی کج بخشی کو زیر غور نہ لایا جائے۔

Related Articles

Back to top button