مانسہرہ مظفرآبادموٹروے، ایم 4‘لوہار گلی ٹنل منصوبے ترجیحات میں شامل‘ فیصل ممتاز

مظفرآباد(محاسب نیوز/پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ فیصل ممتازراٹھور نے کہا ہے کہ دارلحکومت مظفرآبادریاست کا چہرہ ہے، اس شہرکی بہتری کیلئے جو ممکن ہو سکاکریں گے، دارلحکومت میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک جامع پلان مرتب کر کے اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے،پورا یقین ہے کہ آزادکشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاق ہمیں بھرپور سپورٹ کریگا، پی ایس ڈی پی میں آزادکشمیر کے جومنصوبے شامل ہیں ان پر عملدرآمد ہوگا، اس حوالے سے خود وزیراعظم پاکستان سے ملاقات بھی کرونگا، مانسہرہ مظفرآبادموٹروے، ایم 4 منصوبے سمیت لوہار گلی ٹنل کا منصوبہ بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،کوشش کریں گے کہ مظفرآباد میں کوئی ایسا منصوبہ دیں جس سے براہ راست لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہو، ہمارے پاس وقت تھوڑا ہے لیکن موجودہ حکومت کی ٹیم ٹی 20 ٹیم ہے جو چوکے اور چھکے مار کر آپ کو کارکردگی دکھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے مظفرآباد شہر کے دورے کے دوران کرنل آصف علی اعوان شہید کے مزار پر فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب، پی پی رہنما مختیار عباسی، ڈپٹی مئیر خالد اعوان، شائق گیلانی، قلب عباس،شیخ اظہر،شوکت خاکسار سمیت سینکڑوں پی پی کارکنان ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ کرنل آصف علی اعوان شہید نے وطن عزیز کے لیے اپنی جان جان آفریں کے سپرد کی۔انہوں نے کہاکہ مظفرآباد کو خوبصورت بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، اس شہر کے بہت سے مسائل ہیں، یہاں سب سے بڑا مسئلہ سالڈ ویسٹ کا ہے اس حوالے سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ سی ایم ایچ فلائی کی جلد از جلد تکمیل کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت ہر ممکن اقدام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مظفرآباد شہر سے میرا خاص رشتہ ہے جو مجھے اپنے والد محترم سے ورثے میں ملا ہے، میرے والد کو اس شہر نے بطور ایم ایل اے بھی منتخب کیا ہے۔ مظفرآباد شہر سے میرا تعلق ہمیشہ رہیگا۔



