مظہر سعید صمود فلو ٹیلاپرا اسرائیلی حملے کے بعد بخیرت واپس پہنچ گئے

اسلام آباد/ کراچی (پی آئی ڈی)آزاد کشمیر کے وزیرِ اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ گلوبل فریڈم فلوٹیلا کے قافلے پر اسرائیلی حملے سے محفوظ رہنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ ان کی واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی تعداد میں عوام، سیاسی کارکنان، اور ان کے چاہنے والوں نے پرتپاک استقبال کیا۔صمود فریڈم فلوٹیلا انسانی ہمدردی کے تحت محصور فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے جا رہا تھا کہ دورانِ سفر اسرائیل کی جانب سے اس پر حملہ کیا گیا۔ اس واقعے میں متعدد افراد کو اسرائیلی فورسز نے گرفتار کر لیا تاہم خوش قسمتی سے پیر محمد مظہر سعید شاہ محفوظ رہے۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچنے پر لوگوں نے ان پر پھول نچھاور کیے اور فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے نعرے لگائے۔ سوشل میڈیا پر بھی پیر مظہر سعید شاہ کے حق میں ہزاروں پیغامات اور پوسٹس سامنے آئی ہیں، جن میں عوام نے ان کی جرات اور انسانیت کے لیے خدمات کو سراہا ہے۔ پیر محمد مظہر سعید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشن انسانیت کے لیے تھا، اور ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی آواز بن کر رہیں گے۔ کسی ظلم کے آگے جھکنے والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن انسانیت، حریت اور امن کے پیغام کا علمبردار ہے۔ ہم نے دنیا کو یہ دکھایا کہ ظلم کے مقابلے میں انسانیت کبھی سر نہیں جھکاتی۔انہوں نے عوام سے پُرزور اپیل کی کہ گلوبل صمود فلوٹیلا سے گرفتار کیے گئے انسانی حقوق کے کارکنان کے حق میں آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ فلسطین آج بھی دنیا اور خصوصاً امتِ مسلمہ کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔