مظفرآباد

وفاقی حکومت کا قائداعظم اور علامہ اقبال پر ویب سیریز بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (یواین پی) وفاقی حکومت نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی حیات و خدمات پر مبنی عالمی معیار کی تاریخی ویب سیریز تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا، یہ فیصلہ وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیرِ صدارت ایک مشاورتی اجلاس میں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کے ممتاز میڈیا ہاؤسز، پروڈیوسرز، ہدایت کاروں اور تخلیقی شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی، اجلاس میں قومی تاریخ کو سافٹ پاور میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا اور تخلیقی صنعت کو ریاستی سرپرستی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی مارکیٹس میں پاکستانی تاریخی مواد کی مؤثر نمائندگی کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے اور پاکستان کے اپنے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے قیام کی ضرورت پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کو محض رسمی تقاریب تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے قومی تجدید اور فکری احیاء کا سنگِ میل بنایا جائے گا، بامقصد کہانی سنانا قوم سازی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے اور نوجوان نسل کو قیامِ پاکستان کے نظریاتی سفر، آئین پسندی اور قومی اقدار سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے قومی ہیروز کے افکار کو نوجوان نسل کے لیے قابلِ فہم اور متاثر کن انداز میں پیش کیا جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ ڈرامہ و ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان کی نظریاتی اساس کو مزید تقویت دی جائے گی، قائداعظم کی آئینی جدوجہد اور علامہ اقبال کے فکری وژن کو عالمی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا

Related Articles

Back to top button