میرپور‘سپریم کورٹ بارکے عہدیداران کا کڈنی ڈائیلاسز سنٹر کا دورہ

میرپور (بیورو رپورٹ) سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد کشمیر چوہدری راشد رشید ایڈووکیٹ نے جوائنٹ سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عمار ایوب راجہ ایڈووکیٹ اور محمد انیس آروی ایڈووکیٹ کے ہمراہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں قائم فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر کا دورہ کیا۔دورے کے دوران معزز وکلاء نے ڈائیلاسز سنٹر میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی، اُن کی خیریت دریافت کی اور سنٹر میں فراہم کی جانے والی طبی و فلاحی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور کے صدر ڈاکٹر طاہر محمود نے مہمانوں کو سنٹر کے انتظامی امور، اخراجات، دستیاب مشینوں اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر طاہر محمود نے بتایا کہ سینٹر مکمل طور پر مخیر حضرات کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے اور روزانہ درجنوں مریض مفت ڈائیلاسز کی سہولت حاصل کر رہے ہیں۔اس موقع پر ایڈمن آفیسر جہانگیر مغل بھی موجود تھے۔چوہدری راشد رشید ایڈووکیٹ اور اُن کے ہمراہ وکلاء نے سنٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کارِ خیر علاقے کے غریب اور مستحق مریضوں کے لیے زندگی کی امید ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات، تاجر برادری اور عوام علاقہ سے اپیل کی کہ فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر میرپور کی مسلسل اور مؤثر فعالیت کے لیے دل کھول کر تعاون کریں، کیونکہ یہ ادارہ سینکڑوں مریضوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔وکلاء کے وفد کا کہنا تھاکہ معاشرے کی اصل خدمت وہی ہے جو بلا معاوضہ اور خالصتاً انسانیت کے نام پر ہو۔ ایسے فلاحی مراکز کی سرپرستی ہر فردکا فرض ہے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ بار ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے بھی تعاون جاری رکھا جائے گا۔



