مظفرآباد

میڈیا کے تعاون کے بغیر دیر پا ترقی ممکن نہیں‘ راجہ فیصل ممتاز

مظفرآباد(محاسب نیوز)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھورمرکزی ایوان صحافت کے انتخابات میں منتخب ہونے والے عہدیداروں کو مبارک باد دینے کے لیے پریس کلب پہنچ گئے۔آزاد کشمیر کے سب سے بڑے صحافتی ادارے سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے نومنتخب صدر سہیل مغل اور سیکرٹری جنرل شہزاد لولابی سمیت دیگر عہدیداروں اور سینئر صحافیوں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے سنٹرل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی اور ہار پہنائے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا کی آزادی،آزاد صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی خوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کے عوام کو خوشخبری سنائی کہ اووسیزکشمیری سرمایہ کاری کانفرنس آزاد خطہ کی معاشی ترقی میں بڑاسنگ میل ثابت ہو گی۔آزاد کشمیر حکومت ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرئے گی جس کے نتیجہ میں ریاست کے اندر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے حقیقی ترقی کے اہداف کو پورا کرنے اور بے روز گاری کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ میڈیا کے تعاون کے بغیر دیر پا ترقی اور خوشحال ریاست کا قیام ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد دینے کے لیے پریس کلب آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر سنٹرل پریس کلب سہیل مغل،سیکرٹری جنرل شہزادلولابی نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ریاستی ترقی،درپیش مسائل کے حل اور آمدہ انتخابات کے انتظامات سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔دو ماہ میں سیاسی جمود توڑ کر عوام کا اعتماد بحال کیا۔تعلیمی بورڈ زکے قیام،آٹے،بجلی کی فراہمی سمیت عوام کو بنیادی ضرویات کی فراہمی کے لیے حکومت احسن انداز میں کوشاں ہے۔مختصر عرصہ میں کابینہ کے سات جبکہ قانون ساز اسمبلی کے تین اجلاس ہوئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

Related Articles

Back to top button