میونسپل کارپوریشن کے سیکرٹری ملک طارق ریٹائرڈ،تحائف کیساتھ الوداع

مظفرآباد(خبرنگارخصوصی)میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کے سیکرٹری ملک طارق محمود مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ڈ ہوگئے۔ ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی میئر بلدیہ عظمیٰ سید سکندر گیلانی تھے۔ سیکرٹری بلدیہ عظمیٰ ملک طارق محمود سابق چیف آفیسر (مرحوم) ملک محکم دین کے صاحبزادے ہیں جن کی شہریوں اور ادارہ کیلئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئربلدیہ عظمیٰ سید سکندر گیلانی چیف آفیسر صاحبزادہ ذوالفقار عالم،ڈپٹی چیف آفیسر انجم بلال خان،ٹیکس آفیسر جمیل احمد افغانی، سٹیٹ آفیسر سید قمر عباس، مجسٹریٹ سردار عمران،صدر تنظیم شیخ طاہر وسیم، ریٹائرڈ آفیسر سرفراز کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک طارق محمود نے اپنے والد محترم ملک محکم دین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بہترین سروس کی۔ دوران سروس ادارہ کی ترقی بہتری کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔ ریٹائرمنٹ ملازمت کا حصہ ہے۔ اچھے کردار ادارہ میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ موصوف تجربہ کار باصلاحیت آفیسر تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیہ عظمیٰ ملک طارق محمود نے آفیسر ان ملازمین تنظیم کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عزت کے ساتھ الوداع کیا ہے۔ دوران ملازمت کسی ملازم کی عزت النفس کو مجروح نہیں کیا نہ ہی کسی سائل کو تنگ کیا۔ یہی نصیحت میرے والد محترم نے کی تھی۔ بعدازاں ایک بڑے جلوس کی شکل میں انہیں ان کی رہائش گاہ لوئر پلیٹ پہنچایا گیا۔ جہاں پر برادری اور اہل محلہ نے ان کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا گیا اور تحائف پیش کیے گئے۔




