المصطفیٰ کمپلیکس میں متوسط طبقے کیلئے رعائتی ہیلتھ کئیرسینٹر کا آغاز

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)معروف سماجی تنظیم المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی نے عوام کو معیاری اور کم لاگت صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے“المصطفیٰ ہیلتھ کیئر سینٹر”کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب المصطفیٰ کمپلیکس مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جس کا افتتاح بانی المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی آزاد کشمیر حافظ طارق محمود رضانے صدر المصطفیٰ,عتیق احمد کیانی، سابق سرجن ڈاکٹر بشیرالرحمان کنٹھ اور سابق ماہر نیوروسرجن ڈاکٹر مختار احمد کے ہمراہ کیا۔تقریب میں سمیعہ ساجد، سمیرا بیگ، سید مظہر آزاد گیلانی،شیخ عقیل الرحمن، سابق ماہر تعلیم خواجہ نذیر احمد ماکنوں، معروف مذہبی سکالر علامہ مفتی سید عزیر احمد ہمدانی،واجد شاکر و دیگر نے خطاب کیا، تقریب میں مختلف سماجی و علمی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر میں سہہ پہر تین بجے سے شام پانچ بجے تک ماہر ڈاکٹرز مریضوں کا معائنہ کریں گے جبکہ فیس صرف پچاس روپیمقرّر کی گئی ہے۔ مقررین نے اسے موجودہ مہنگائی اور بے روزگاری کے دور میں غریب طبقے کے لیے بڑا ریلیف قرار دیا اور اسے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی فلاحی خدمات میں اہم اضافہ قرار دیا۔اس موقع پر المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے بانی حافظ طارق محمود رضا نے کہا کہ سماجی خدمت ہمارا مشن ہے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی نے ہمیشہ انسانیت کی بھلائی کو ترجیح دی ہے۔



