پاکستان پیپلز پارٹی کے58ویں یوم تاسیس پر آزاد کشمیر بھرمیں تقریبات‘کیک کاٹے گئے

میرپور (بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر پاکستان اور آزاد کشمیر بھر کی طرح ضلع میرپور میں پیپلز پارٹی کا 58 واں یوم تاسیس اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 30 نومبر 1967 کو پیپلز پارٹی کی بنیاد جن اصولوں پر رکھی تھی اس کی تکمیل کے لئے پارٹی کارکنان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، قائد عوام نے عوامی حقوق،جمہوریت اور آئین کی بالادستی سمیت عوام میں سیاسی انقلاب برپا کیا اور مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں رکھا اور ہزار سال تک جنگ لڑنے کا نعرہ لگایا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں جمہوری اقدار کو مضبوط کیااور پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا جس کے باعث آج پوری دنیا میں پاکستان اور قوم کا سر فخر سے بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز پارٹی ضلع میرپور زیر اہتمام پیپلزپارٹی کے 58ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے وزیر برائے کشمیر کاز،آرٹس اینڈ لینگوئجز محترمہ نبیلہ ایوب خان،سابق وزیر حکومت چوہدری افسر شاہد،پیپلزپارٹی ضلع میرپور کے صدر یاسر ممتاز چوہدری،فرید انور ایڈووکیٹ، ذوالفقار ذلفی،راجہ افتخار احمد،شاہد راٹھور،عادل شاہ ودیگرنے خطاب کیا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے 58ویں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا۔ؤ وزیر برائے کشمیر کاز،آرٹس اینڈ لینگوئجز محترمہ نبیلہ ایوب خان نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تحریک آزادی کشمیر کو پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں رکھا اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہزار سال تک جنگ لڑنے کا عہد کیا اس حوالے سے پیپلزپارٹی اور تحریک آزادی کشمیر لازم اور ملزوم ہیں انھوں نے کہاکہ آج پیپلزپارٹی کی دو اہم شخصیات سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید اور صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بیماری کے باعث اس تقریب میں موجود نہیں ہیں انھوں نے کارکنان سے کہاکہ دونوں پارٹی راہنماؤں کی صحتیابی کے لیے دعا کریں یہ دونوں راہنما پیپلزپارٹی اور ریاست کا عظیم اثاثہ ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر حکومت چوہدری افسر شاہد،پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر یاسر ممتاز چوہدری اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی کہ پیپلزپارٹی کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لیے کارکنان ہر قسم کی جانی ومالی قربانی دیں گے نظریہ بھٹو اور نظریہ بے نظیر کے تحت حکومت آزادکشمیر عوامی خدمت کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔اس موقع پر پیپلزپارٹی،پی ایس ایف،پی وائی او اور پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کے عہدیداران وکارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔پیپلزپار ٹی کے مرکزی راہنما راجہ افتخار احمد نے پرجوش نعرے لگائے۔



