اسمبلی اجلاس، ایڈھاک عارضی ملازمین مستقلی ایجنڈا میں شامل نہ ہونے پر تشویش
مظفرآباد(خبرنگار خصوصی)اسمبلی اجلاس،ایڈہاک و عارضی ملازمین کی مستقلی کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہ ہونے سے آذاد کشمیر بھر کے ایڈہاک و عارضی ملازمین اور ان کے اہل خانہ اضطراب و پریشانی میں مبتلا ہو گئے،صدر اور وزیر اعظم آذاد کشمیر سے روزگار کا تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک و عارضی ملازمین کے نمائندگان راجہ اطہر علی خان،سردار سکندر وسیم،انصر مغل،ملک مشتاق،راجہ وقاص و دیگر نے کہا کہ آذاد کشمیر بھر کے ایڈہاک و عارضی ملازمین اپنے روزگار کی مستقلی کے لئے گزشتہ چار سال سے احتجاج کی راہ اختیار کئے ہوئے ہیں آذاد کشمیر میں حکومتی تبدیلی سے امید لگی ہے کہ عوامی حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایڈہاک و عارضی ملازمین کو مستقل کرکے روزگار کا تحفظ اور سینکڑوں خاندانوں کو بھوک و ننگ اور بیروزگاری سے بچائے گی۔آذاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس اور اس سے قبل کابینہ اجلاس میں بھی ایڈہاک و عارضی ملازمین کے مسئلے کے حل کے لئے کوئی پیش رفت نہ ہونے سے ایک بار پھر مایوسی پھیلی ہے۔ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ ایڈہاک ایکٹ 2021 کو من و عن بحال کرکے سال ہا سال سے مختلف سرکاری اداروں میں خدمات سر انجام دینے والے ملازمین کو انسانی ہمدردی کے تحت مستقل کیا جائے۔ایڈہاک و عارضی ملازمین کی اکثریت ملازمت کی بالائی حد عمر سے تجاوز کر چکی ہے پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت اپنے منشور کے مطابق روزگار فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایڈہاک و عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے قانون سازی کرے۔




