پرانی کچہری شاپنگ پلازہ کی دکانوں میں سرکاری دفاتر قائم،کاروباری طبقے کو تشویش

مظفرآباد (کرائم رپورٹر) دارالحکومت مظفرآباد میں واقع سلطانی مسجد کے قریب بیرونی فنڈز سے قائم شاپنگ پلازہ اپنی انوکھی نوعیت کے باعث ایک عرصہ سے شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جو شاید دنیا کا واحد ایسا شاپنگ پلازہ ہے جہاں تجارتی دکانوں کے اندر سرکاری دفاتر قائم کر دیے گئے ہیں۔ اس شاپنگ پلازہ میں کہیں پٹوار خانہ، کہیں سی آئی اے کا دفتر جبکہ بعض دکانوں میں ریڈ کریسنٹ کے دفاتر کام کر رہے ہیں، جس سے نہ صرف شاپنگ پلازہ کی اصل افادیت ختم ہو چکی ہے بلکہ عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی ہے۔ یہ شاپنگ پلازہ بیرونی فنڈنگ کے تحت تجارتی سرگرمیوں اور شہری سہولتوں کے لیے تعمیر کیا گیا تھا، مگر وقت گزرنے کے ساتھ اس کی حالت دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ پلازہ کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے، صفائی کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں اور سب سے بڑا مسئلہ پارکنگ کا ہے، جس کے لیے آج تک کوئی مؤثر اور مربوط نظام متعارف نہیں کروایا جا سکا۔ سوال یہ بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا بیرونی فنڈ سے بننے والے منصوبے کا یہ استعمال قواعد و ضوابط کے مطابق ہے یا نہیں؟ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے وہ فوری شاپنگ پلازے کی دکانات خالی کرواتے اسے کاروباری سرگرمیوں کے لئے استعمال کروائیں




