مظفرآباد

تفریحی سرگرمیاں،نیلم پارک کو دوبارہ آباد کیا جائے، خواجہ فاروق

مظفرآباد(محاسب نیوز)دارالحکومت مظفرآباد کے رکن اسمبلی/تحریک انصاف کے مرکزی راہنما خواجہ فاروق احمد نے محکمہ سپورٹس کے وزیر اور دیگر ذمہ داران کی توجہ شہر میں گراؤنڈز کی کمی کی جانب دلاتے ہوئے کہا ہے کہ دو ماہ قبل ایک فہرست حلقہ تین میں موجود گراؤنڈز کی بہتری اور بعض مقامات پر نئے گراؤنڈز بنانے کی تجویز ڈی جی سپورٹس اور سیکرٹریٹ سپورٹس کو بھیج دی تھی لیکن مالی سال کا تیسرا کوارٹر شروع ہوچکا ہے ابھی تک کوئی پیش رفت نہ ہوئی ہے۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ شوکت لائن،نیلم اسٹیڈیم،پولیس لائن میں تین گراؤنڈز شہر بھر کو دستیاب تھے ماضی قریب میں ان تینوں گراؤنڈز پر فٹ بال،کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے انتظامات،سہولیات نوجوانوں کو میسر تھیں لیکن ان تینوں گراؤنڈز کو اپنے قبضہ میں لے کر عام شہریوں،کھلاڑیوں کا داخلہ تک بند کردیا گیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نیلم پارک کو دوبارہ آباد کیا جائے،لیڈی پارک بیلہ نورشاہ جو مادر ملت فاطمہ جناح کے نام سے منسوب کر کے پی ٹی آئی کی حکومت میں شروع کیا گیا تھا کو بلدیہ مظفرآباد نے کچرے کے ڈمپ میں تبدیل کرنا شروع کردیا ہے جس پر عوام علاقہ احتجاج کر کے کچرے کی گاڑیوں کو اس پارک کی اراضی میں داخلہ بند کردیا ہے۔اسی طرح برار کوٹ،کٹلی،سراڑ،اپر میدان،دومیشی ودیگر مقامات پر محکمہ سپورٹس کو جگہ جن کی موجودگی ہے گراؤنڈز بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔بوائز ہائی سکول چہلہ بانڈی کے ساتھ اراضی کو ہموار کر کے ایک اچھا چھوٹا گراؤنڈ بنایا جاسکتا ہے،نیلم پارک کیساتھ بلدیہ کی اراضی جس پرقبضہ کرنے کے لیے مافیا کے بعض لوگ نظر رکھے ہوئے ہیں کو ایک اچھے گراؤنڈ میں محکمہ سپورٹس تبدیل کرسکتا ہے۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں راقم نے نیلم سکول سے متصل گراؤنڈ اور نیلم اسٹیڈیم سے ملحقہ گراؤنڈ کو دوبارہ عام پبلک کے لیے کھولے جانے کے لیے اعلیٰ سطحی پرمری میں حکام کو تحریک کی تھی لیکن حکومت ختم ہونے کے بعد یہ معاملہ التواء کا شکار ہوگیا۔ذمہ داران سے اپیل ہے کہ ان گراؤنڈز میں نوجوانوں کو کھیلنے کے مواقع دوبارہ دیئے جائیں،سٹی ڈگری گرلز کالج میں بچ جانے والے رقبہ کو جلال آباد گرز ہائی سکول کے ساتھ موجود رقبہ کو چھوٹے چھوٹے گراؤنڈز میں کم لاگت سے تبدیل،تعمیر کیا جاسکتا ہے بس ارادے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

Back to top button