آزادکشمیر کو غیر ملکی ایجنڈے کا حصہ نہیں بننے دینگے، آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ
اسلام آباد (بیورورپورٹ)جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں آزاد جموں وکشمیر کی جملہ سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس، جموں وکشمیر پیپلز پارٹی، جمعیت الحدیث، مجلس وحدت المسلمین، جماعت اسلامی اور تحریک لبیک آزادکشمیر کی قیادت نے شرکت کی۔ دریں اثناء جموں کشمیر ہاؤس میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان،سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان،سابق وزیراعظم سردار محمد عتیق خان،مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر،پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین،پیپلز پارٹی جموں و کشمیر کے صدر سردار حسن ابراہیم،مجلس وحدت المسلمین کے صدر سید یاسر عباس سبزواری،جمعیت اہلحدیث کے صدر شعیب مدنی،موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار نور،وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور،چوہدری یاسر سلطان،سردار عامر الطاف،احمد رضا قادری،نثار انصر ابدالی،ظفر ملک نے شرکت کی۔پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص اور معرکہ حق کی کامیابی کے بعد ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ اس کامیابی سے تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ افراد کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی منظر نامے میں ایک نئی جلا ملی ہے۔ ہندوستان اپنی خفت کو چھپانے کے لیے مملکت پاکستان کے دیگر صوبوں با الخصوص بلوچستان کی طرز پر آزادکشمیر کو سیاسی اور نظریاتی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنے کے درپے ہے۔ آزادکشمیر کی جملہ سیاسی قیادت مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو یہ یقین دلاتی ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ تحریک حریت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آزاد کشمیر کے حالات کو خراب کرنے کے لیے جو سائفر منظرعام پر آیا ہے اس سے واضح ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کے حالات کو خراب کرنے میں بھارت پوری طرح سے ملوث ہے۔پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے وہ سائفر بھی لہرایا۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس گھناؤنی سازش کی بھرپور مذمت کرتی ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ آزادکشمیر کے حالات کو خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔تمام سیاسی جماعتیں مفاد عامہ اور آزاد کشمیر کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گی۔ ہندوستان کی سہولت کاری کے نتیجہ میں وجود میں آنے والے کسی بھی دیگر فورم یاپریشر گروپ کومفاد عامہ کے فیصلے کا اختیار نہیں دیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ 21 ستمبرسے تمام سیاسی جماعتیں مقبوضہ کشمیر کے عوام اور مسلح افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کریں گی۔ اس سلسلہ میں پہلا جلسہ عام 21ستمبر بروز اتوار راولاکوٹ جبکہ 22ستمبر بروز پیر باغ میں منعقد کیا جائے گا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔سابق وزیراعظم سردار محمد عتیق خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں جتنے ادارے قائم ہوئے یہ ہمارے قومی رہنماؤں اور سیاسی قیادت کا کارنامہ ہے،پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین نے کہا ہم سب متفق ہیں کہ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ہماری قربانیوں کو خراب کرے،یہ سائفر اس حقیقت کا آعتراف ہے کہ ہندوستان آزادکشمیر کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہے،سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ اس سائفر کا سامنے آنا الارمنگ بات ہے،ہمارا ازلی دشمن اس بیس کیمپ کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہے،آزادکشمیر کا سب سے بڑا آئینی فورم قانون ساز اسمبلی کے اسکے بعد لوکل باڈیز ہیں،آزادکشمیر میں تعمیر وترقی سیاسی جماعتوں نے کی ہے،لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ وہ شرپسندوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں،تحریک آزادی کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ ہمارے سیاسی menifesto الگ الگ ہیں مگر ریاست کے تشخص پر ہم سب اکٹھے ہیں ہم سب ملکر عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے۔جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار حسن ابراہیم نے کہا کہ سائفر کے بعد یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ یہ ایک گھناؤنا کھیل ہے ریاست پاکستان کیلیے ہم سب ایک ہیں،یہ حقائق لوگوں کے سامنے رکھ دئیے فیصلہ وہ خود کریں،جماعت المسلمین آزادکشمیر کے صدر سید یاسر عباس سبزواری نے اعلامیے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا،انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر بھارت کو اسی طرح جواب دینا ہے جس طرح ہم نے آپریشن بنیان المرصوص میں اسے شکست دی۔ آزادکشمیر کو غیر ملکی ایجنڈے کا حصہ نہیں بننے دینگے۔جمعیت اہلحدیث کیناظم اعلیٰ دانیال شہاب مدنی نے کہا کہ آزادکشمیر کو غیر مستحکم کرنے کی بھارتی سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے۔