محکمہ ان لینڈ ریونیو نے 29ارب 20کروڑ روپے کے محاصل جمع کر لیئے

میرپور(بیورو رپورٹ)محکمہ ان لینڈ ریوینیو (ساؤتھ زون) کی شاندار کارکردگی، دسمبر کوارٹر تک 28ارب روپے کے ٹارگٹ کے مقابلہ میں، 29ارب20کروڑ روپے کا ریوینیو حاصل کر لیا۔ کمشنر ان لینڈ ریوینیو(ساؤتھ زون)سید انصر علی کاتفویض کردہ ٹارگٹ سے زائد 1(ارب 20کروڑ روپے ریوینیومحاصل اکٹھے کرنے پر محکمانہ آفیسران و سٹاف کو مبارکباددی۔ محکمہ انلینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) نے مالی سال 2025-26 کے دسمبر کوارٹر کے دوران فائنل حساب فہمی کے مطابق شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تفویض کردہ ٹارگٹ سے زائد 1ارب 20کروڑ روپے کے ریوینیو محاصل وصول کر لئے۔ ترجمان انلینڈ ریونیو کے مطابق دسمبر کوارٹرکے اختتام پر حکومت کی جانب سے محکمہ ان لینڈ ریوینیو کے ساؤتھ زون کو مبلغ 28 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مختص کیا گیا تھا، جس کے جواب میں محکمہ انلینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) نے حساب فہمی کے نتیجہ میں مبلغ1ارب 20کروڑ روپے کی خطیر رقم زائد وصول کرتے ہوئے کل مبلغ 29 ارب20کروڑ روپے کا ریونیو کامیابی کے ساتھ حاصل کیا، جو کہ کمشنر ان لینڈ ریوینیو سید انصر علی کی مؤثر پالیسیوں،محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اہم اقدامات، سخت نگرانی اور فیلڈ فارمیشنز کی شبانہ روز محنت کا واضح ثبوت ہے۔ترجمان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال2025-26 کیلئے ساؤتھ زون کو سالانہ مبلغ 70ارب روپے کا ٹیکس ٹارگٹ تفویض کیا گیا ہے اور دسمبر کوارٹر تک ساؤتھ زون کومبلغ28ارب روپے اکٹھا کرنے تھے جو کہ بڑے اضافی مارجن سے اکھٹے کر لئے گئے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اسیسمنٹ اور آڈٹ کا عمل مکمل شفافیت، قانونی تقاضوں اور ٹیکس دہندگان کے حقوق کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دیا گیا۔ کمشنر ان لینڈ ریوینیو سید انصر علی نے اس شاندار کامیابی کے موقع پر اظہار کیا کہ محکمہ کی پالیسی کا محور ڈیجیٹلائزیشن، شفافیت اور قانون کی بلاامتیاز عملداری ہے۔انہوں نے اس امر پربھی زور دیا کہ محکمہ انلینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) آئندہ بھی قومی مفاد میں ریونیو کے اہداف کے حصول، ٹیکس بیس کے فروغ اور معیشت کے قیام کے لیے اپنی کوششیں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جاری رکھے گا۔ترجمان کے مطابق محکمہ انلینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) کی شاندار کارکردگی پروزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وزیرِ خزانہ و انلینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید اور چیئرمین آزاد جموں و کشمیر سینٹرل بورڈ آف ریونیو / سیکرٹری انلینڈ ریونیو محمد رقیب خان نے تعریفی کلمات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے محکمہ انلینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) کی قیادت، افسران اور فیلڈ فارمیشنز کو مقررہ اہداف سے زائد ریونیو حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ محکمہ اسی جانفشانی سے کام جاری رکھتے ہوئے حکومت آزاد جموں و کشمیر کی طرف سے دئیے گئے سالانہ ٹارگٹ کو بھی بڑے مارجن سے حاصل کر کے اپنی اعلیٰ کارکردگی کی اس روایت کو برقرار رکھے گا اور ریاست وقومی خزانے کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔




