میرپور(پی آئی ڈی) جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل 13 جولائی سے ہفتہ شہداء کشمیر منائے گی جبکہ 5 اگست سے 15 اگست تک ہفتہ حق خودارادیت منائے گی۔ ان خیالات کا اظہار بانی چیئرمین JKSDMI راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) نے سٹوک آن ٹرینٹ کے لارڈ مئیر کونسلر ماجد خان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ JKSDMI کی ٹیم اولڈھم شہر سے ممبر پارلیمنٹ ڈیبی ابراھام چیئرپرسن آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ آن کشمیر کے ہمراہ تیرہ جولائی سے ہفتہ شہداء کشمیر کا آغاز کرے گی جو انیس جولائی ھاؤس آف کامنز لندن پہنچ کر بروز الحاق پاکستان پر اختتام پزیر ہوگا۔ علاوہ ازیں ہفتہ حق خودارادیت کے پروگرام پانچ اگست بروزہفتہ مانچسٹر سے شروع ہونگے جو پندرہ اگست تک برطانیہ بھر کے مختلف شہروں میں منعقد ہونگے۔ ان میں خواتین کانفرنسیں اور پروفیشنلز اور میڈیا کانفرنسیں بھی شامل ہیں جو برمنگھم، بر
ڈفورڈ، آشٹن اور نیلسن جیسے قابل ذکر شہروں میں منعقد ہونگی جن میں ممبران پارلیمنٹ، لارڈ مئیرز، مئیرز، کونسلرز اور تمام مکتبہ فکر کے کمیونیٹی راہنما شرکت کریں گے۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے لارڈ مئیر آف سٹوک آن ٹرینٹ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ایسے پروگرام مرتب کرنے کا مقصد عالمی برادری اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری و پاکستانی تارکین وطن کو بھارت کے ظلم و ستم انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف توجہ مبذول کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے مکار دشمن سے واسطہ پڑا ہے جو زمینی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے اور گمراہ کن پراپیگینڈے سے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھانکتا ہے۔ اس تقریب کے دیگر مقررین و شرکاء میں ماجد خان لارڈ مئیر آف سٹوک آن ٹرینٹ، ڈپٹی لیڈر آف سٹوک آن ٹرینٹ کونسل امجد وزیر OBE, سابق لارڈ مئر سٹوک آن ٹرینٹ چوہدری کرامت علی، سابق مئیر آف لوٹن محمد ریاض بٹ، سابق مئیر آف چیشم کونسلر ظفر بھٹی، سابق مئیر آف پیٹربرو راجہ اختر حسین، محمد بشیر رٹوی مسلم کانفرس یوکے پیٹرون، ممتاز احمد بٹ سیکریٹری آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس یوکے، پروفیسر امتیاز حسین صدر مسلم کانفرنس لوٹن، شوکت لعل چیف ایگزیکٹو سینڈویل کونسل، سابق کونسلرز مطلوب بٹ اور مولانا الطاف حسین شامل رہے۔ شرکاء تقریب نے اپنے اپنے خطاب میں راجہ نجابت حسین کو مسلسل کشمیر پر انتھک کام کرنے پر ستارہ پاکستان ملنے اور کونسلر ماجد خان کو لارڈ مئیر بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے دونوں شخصیات کو بھارتی جیل میں قید جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی سزا کے خلاف یوروپ و امریکہ کے مختلف فورمز، برٹش پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں آواز بلند کرنے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر خراج تحسین پیش کیا۔