میرپور(پی آئی ڈی) کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت علی اور ڈی آئی جی پولیس چوہدری سجاد حسین نے کہا ہے کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس سے بچے ہمیشہ کے لیے معذور ہوجاتے ہیں اس بیماری کے سدباب کے لیے محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام 02اکتوبر سے 06اکتوبرتک پانچ روزہ پولیو مہم کو میرپور ڈویژن میں سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت عامہ،انتظامیہ،پولیس،محکمہ تعلیم سمیت تمام ادارے بھرپور تعاون کریں گے تاکہ یہ قومی مہم کامیاب ہوسکے۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے ڈویژن میرپور پولیو مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلا س میں ڈپٹی کمشنر چوہدری امجدا قبال،ڈی ایچ او میرپور /بھمبر ڈاکٹر فدا حسین راجہ،ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر معائدہ کوثر،ڈویژنل انفارمیشن آفیسرمحمد جاوید ملک،ڈاکٹر فاریہ جاوید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلیم نسواں مختار احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اوقاف ظہیر الدین بابر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرویلنس محمد ریاض،اسسٹنٹ
ٹریننگ وقاص احمد خان،ڈسٹرکٹ سپرٹینڈنٹ ویکسین عبدالوحید،پاپولیشن آفیسر کامران حسین نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری حق نواز،ڈی ایچ او کوٹلی سید شفقت حسین شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر بھمبر نے ویڈیو لنگ کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ نے پانچ روزہ پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ 02اکتوبر سے 06اکتوبر تک پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔محکمہ صحت عامہ نے اس سلسلہ میں جملہ انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔محکمہ صحت عامہ کی ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلائیں گی جبکہ تینوں اضلاع کے ٹرانزٹ پوائنٹ پر گاڑیوں میں سفر کرنے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اس سلسلہ میں بلدیہ،میونسپل کارپوریشن،یونین کونسل کی سطع پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ پولیو مہم کی پراگرس کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹیاں بھی قائم شدہ ہیں۔ کمشنر چوہدری شوکت علی نے کہاکہ پولیو مہم کی سو فیصد کامیابی اور ٹارگٹ کے حصول کو یقینی بنایا جائے اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی نہ برتی جائے۔آزادکشمیر پولیو فری ہے اس حوالے سے بیرون ممالک یا دیگر علاقوں سے آنے والے خاندانوں کے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں تاکہ بیرون اضلاع سے پولیو کے وائرس کے آمدہ خطرات سے نمٹا جاسکے۔ ڈی آئی جی پولیس چوہدری سجاد حسین نے کہاکہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت عامہ کی ٹیموں کے ساتھ پولیس ہر ممکن تعاون کرئے گی تاکہ کسی بھی جگہ پولیو ٹیموں کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔ٹرانزٹ پوائنٹ پر ٹریفک پولیس بھی موجود رہے گی جو گاڑیوں میں سفر کرنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کی غرض سے روک کر پولیو کے قطرے پلوانے کے بعد گاڑیوں کو گزرنے دیا جائیگا چونکہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے اور اس کے سدباب کے لیے حکومت کی طرف سے ہدایات پر عملدرآمد کروانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔