محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن کے ملازمین کی ہڑتال جاری

مظفرآباد (خبر نگار خصوصی) ٹیکنیکل،فیلڈ سٹاف پوسٹوں کی اپ گریڈیشن،ورکچارج ملازمین کی مستقلی،فیز ٹو کی نئی آسامیوں کی تخلیق نہ ہونے پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن کے ملازمین کی ہڑتال جاری،آج 12 فروری کو ڈی آفس کے سامنے دھرنے کا فیصلہ،16 فروری سے تالہ بند احتجاجی تحریک کا اعلان،مظفرآباد شہر میں پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا اندیشہ تفصیلات کے مطابق پی ڈبلیو ڈی مزدور یونین کی کال پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن مظفرآباد کے ملازمین نے جملہ ٹیکنیکل کیڈر،فیلڈ سٹاف کی پوسٹوں کی اپ گریڈیشن نہ ہونے،ورک چارج ملازمین کو مستقل نہ کئے جانے اور ماکڑی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو کی نئی آسامیاں تخلیق نہ کئے جانے کیخلاف ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار احتجاجی تحریک کا آغاز کرتے ہوئے واٹر سپلائی ماکڑی پر احتجاجی دھرنا دوسرے دن بھی جاری رکھا۔احتجاجی دھرنے میں مختلف ملازمین تنظیموں کی قیادت نے بھی شرکت کی اور ملازمین کے جائز مطالبات پر بھرپور حمایت کا اعلان کیا احتجاجی مظاہرے سے مرکزی صدر پی ڈبلیو ڈی مزدور یونین ملک احتشام،ڈویژنل صدر غلام مصطفیٰ،جنرل سیکرٹری عمران خان مغل،ماجد اعوان،منیر سلہریا،راجہ توقیر،گل دین اور دیگر نے خطاب کیا۔مرکزی صدر پی ڈبلیو ڈی مزدور یونین ملک احتشام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن مظفرآباد میں تعینات جملہ ٹیکنیکل کیڈر اور فیلڈ سٹاف نے طویل جدوجہد کے بعد سپریم کورٹ سے اپنا حق حاصل کیا مگر سپریم کورٹ کے فیصلے کو سال ہا سال گزرنے باوجود سکیل اپ گریڈ نہیں کئے جارہے۔ورک چارج ملازمین کو بھی مستقل نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی ماکڑی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو کی پوسٹیں تخلیق کی جارہی ہیں ملازمین نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا مگر حق نہیں دیا جا رہا۔گزشتہ سال احتجاجی تحریک 9 مئی کو بھارتی حملے کی وجہ سے مؤخر کی تھی اب کی بار اپنا حق لئے بغیر احتجاجی تحریک ختم نہیں کریں گے۔ 12 فروری کو ڈی سی آفس کے سامنے پر امن احتجاجی دھرنا دیں گے اور اس کے بعد 15 فروری تک ماکڑی واٹر سپلائی پر احتجاجی دھرنا جاری رکھیں اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پورے نہ کئے تو 16 فروری سے مکمل تالہ بند ہڑتال شروع کریں گے ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمیں تین نکاتی مطالبات پورے کرکے نوٹیفکیشن نہیں دیا جاتا۔




