مظفرآباد

محکمہ صحت کی ڈینگی کیخلاف مہم‘مختلف مقامات پر سپرے

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) محکمہ صحت عامہ، مظفرآبادڈینگی کے خلاف جاری مہم کے تیسرے مرحلے کے تحت محکمہ صحت عامہ مظفرآباد کی ٹیم نے سی ایم ایچ روڈ کے قریب زیر تعمیر فلائی اوور پر انسدادِ ڈینگی لاروا سائیڈنگ اور سرویلینس سرگرمیاں انجام دیں۔انسدادِ ڈینگی ٹیم نے موقع پر موجود پانی کے ذخائر، زیر تعمیر ڈھانچوں، اور نالیوں کا معائنہ کرتے ہوئے ممکنہ لاروا افزائش مقامات پر لاروی سائیڈنگ اسپرے کیا۔ ٹیم نے مقامی مزدوروں اور دکانداروں کو ڈینگی سے بچاؤ کے طریقہ کار، احتیاطی تدابیر، اور صفائی کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔یہ کارروائی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر عبد المتین اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قرۃ العین شفیق کی ہدایات پر انچارج مانیٹرنگ اسکواڈ سید لیاقت حسین نقوی کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔محکمہ صحت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں، دفاتر اور تعمیراتی مقامات پر پانی جمع نہ ہونے دیں، کھلی جگہوں پر رکھے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں، اور ڈینگی کے خاتمے کے لیے جاری مہم میں محکمہ صحت سے بھرپور تعاون کریں۔

Related Articles

Back to top button