مراعات پنجاب،پولیس کے مساوی کرنیکی منظوری،پولیس وردی وقار کی علامت ہے،فیصل راٹھور

مظفرآباد(محاسب نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتازراٹھور کا پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تمام پولیس کے ضروری ساز وسامان کا بجٹ دوگنا کرنے، پولیس کے شہداء کی فیملیز کیلیے پیکج کا ازسرنو جائزہ لینے، پولیس فورس کی کیپسٹی بلڈنگ کیلیے حسب ضرورت فورس کی تعداد میں اضافے، پولیس لائن کی مارچ بیٹ کی پختگی، پولیس لائن میں لیڈی پولیس کیلیے بیرکوں کی تعمیر، بجٹ میں پولیس جوانوں اور آفیسران کی تنخواہ و مراعات یکساں طور پر پنجاب کے برابر کرنے، تینوں ڈویژنوں میں رمضان کے بعد پولیس دربار کا انعقاد کرنے کا اعلان۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں 61ویں ریکروٹس پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پولیس فورس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی وردی وقار کی علامت ہے، پولیس نے ہمت و حوصلے سے ہر مشکل کا مقابلہ کیا۔ مسلح افواج پاکستان اور پولیس کے جوان امن کے نفاذ اور عوام کی حفاظت کے لیے انگنت قربانیاں دے رہے ہیں، زلزلہ سیلاب سمیت دیگر قدرتی آفات اور خوفناک موسمیاتی تبدیلیوں کے دوران ہر آزمائش میں پولیس کی ریسکیو معاونت ہماری درخشندہ تاریخ کی بہترین نظیر ہے۔ وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے کہا کہ آزادکشمیر میں گزشتہ عرصہ میں غیر یقینی حالات میں آزاد جموں و کشمیر پولیس نے عزم و ہمت کی تاریخ رقم کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ الحمد اللہ ریاست بہتری کی جانب گامزن ہے، پولیس کے شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، پولیس فورس کی مشکلات کا ادراک ہے پولیس فورس کو درپیش مشکلات کا مؤثر حل نکالا جائے گا۔



