مظفرآباد

چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس‘اوورسیز انویسٹر کانفرنس کے انعقاد کا جائزہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی)آزاد جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیرخوشحال خان نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت سردار عدنان خورشید، سیکرٹری توانائی چوہدری محمد طیب، سیکرٹری ان لینڈ ریونیو چوہدری عبدالرّحمن، سیکرٹری قانون، سیکرٹری خزانہ، کرنل (ر) شیراز احمد اور سابق صدر آزاد کشمیر چیمبر آف کامرس چوہدری صہیب سعید نے شرکت کی، جبکہ صدر میرپور چیمبر آف کامرس عمر شہزاد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس میں چھوٹ، صنعتوں کو سستی اور مستقل بجلی کی فراہمی، صنعتی پلاٹس کی الاٹمنٹ کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے اور صنعتی اسٹیٹس کی اپ گریڈیشن سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں خطے کے بڑے منصوبوں بشمول میرپور ڈرائی پورٹ اور اسپیشل اکنامک زون (SEZ) کے حوالے سے بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ان منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات دی گئیں۔مزید برآں اجلاس میں اوورسیز انویسٹر کانفرنس کے انعقاد اور بیرون ملک مقیم کشمیری سرمایہ کاروں کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر میں صنعتی ترقی کے لیے سرمایہ کار دوست پالیسیوں، بنیادی سہولیات اور سہل کاروباری ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔اجلاس کے اختتام پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر صنعتوں کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور خطے کی معاشی ترقی کو نئی رفتار مل سکے۔

Related Articles

Back to top button