پی اے سی اجلاس‘ تعمیرات عامہ شاہرات ساؤتھ کے ریکار ڈ کی جانچ پڑتال

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالماجد خان کی زیر صدارت کمیٹی رُوم کشمیر ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات (ساؤتھ) کے ریکار ڈ کی بمطابق ورکنگ پیپرز جانچ پڑتال کی گئی۔آغاز اجلاس میں تلاوت کلام پاک کے بعد ایران کے سُپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار پاکستانی فورسز کے شہداء کے بلندی ء درجات کے لیے دُعاکی گئی۔سر اجلاس پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے باور کیا کہ ایکسیئن میرپور، بھمبر،کوٹلی نے کوئی خاطر خواہ تیاری نہیں کی جس پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کل باقاعدہ تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بارہا ہدایات کے باوجود کہ مکمل تیاری کے ساتھ ایپیکس فورم میں آیا جائے، ایسا رویہ نا قابل برداشت ہے۔اجلاس میں ممبران کمیٹی کرنل (ر) وقار احمد نُور، چوہدری اظہر صادق،عاصم شریف بٹ، محترمہ تقدیس گیلانی ایم ایل ایز سمیت سیکرٹری تعمیرات عامہ ورکس خواجہ نعیم بسمل،چیف انجینئر (ساؤتھ) مسعود حسین راٹھور،ایکسیئن شاہرات میرپور، بھمبر، کوٹلی،ڈی جی آڈٹ سعید اللہ خان نیازی،ڈائریکٹر آڈٹ عبدالحمیدسلہریا، ماجد اقبال ایڈیشنل سیکرٹری مالیات نے شرکت کی۔سیکرٹری قانون ساز اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سرا نجام دیے۔ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی راجہ ضیاء الحق و ڈپٹی سیکرٹری نثار اعوان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔کمیٹی کا اجلاس بروز منگل بھی جاری رہے گا۔




