گزیٹیڈ آفیسرز وفد کی چیف سیکرٹری سے ملاقات‘چارٹر آف ڈیمانڈ پیش

مظفرآباد (محاسب نیوز)آزاد جموں و کشمیر گزیٹیڈ افیسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے آج چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، جناب خوشحال خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل محمد ظہیر قریشی، سیکرٹری سروسز ظفر خان، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور سرپرست اعلیٰ گزیٹیڈ افیسرز ایسوسی ایشن چوہدری طیب، سیکرٹری ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن قاضی عنایت اور سپیشل سیکرٹری مالیات سید محسن گیلانی بھی موجود تھے۔وفد کی قیادت تنظیم کے صدر سید یاسر علی گیلانی نے کی جنہوں نے عہدیداران کے ہمراہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سید یاسر علی گیلانی نے محکمہ C&W اور PPH اور سپورٹس میں سلیکشن بورڈ کے زیر التوا کیسز بارے چیف سیکریٹری کو بریف کیا۔ سیکریٹری اطلاعات، نئیر ممتاز نے محکمہ تعلیم میں درپیش اہم مسائل پر چیف سیکریٹری کو بریفنگ دی۔ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، ڈاکٹر فیصل رحیم نے محکمہ زراعت میں ناظمین (توسیع، تحقیق اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر) کے سلیکشن بورڈ ہونے کے باوجود مجاز اتھارٹی سے گزشتہ ایک سال سے سفارشات کی بلاوجہ تاخیر پر پریزنٹیشن دی اور متذکرہ سفارشات پر مجاز اتھارٹی کیطرف سے اٹھائے گے اعتراضات پر محکمہ کے جواب سے فورم کو آگاہ کیا۔ سینئیر نائب صدر، فاروق اعوان نے آفیسران کی تنخواہوں میں تفاوت، ڈسپریٹی الاونس کی رننگ بیسک پے پر ادائیگی سمیت قابل عمل اقدامات پر چیف سیکریٹری کو بریف کیا۔ چیف آرگنائزر، راجہ سجاد خان نے نیم خود مختار اداروں کو درپیش مسائل، سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ میں شفافیت، دوران سروس شہید ہونے والے آفیسران کے لیے ڈیتھ پیکیج سمیت چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل دیگر اہم نقات بارے فورم کو آگاہ کیا۔ایڈیشنل جنرل سیکریٹری (فی میل)، محترمہ طلعت فاروق نے خواتین آفیسران کے لیے ڈے کئیر سنٹرز کے قیام کی ضرورت بارے چیف سیکریٹری کو آگاہ کیا۔ اسی طرح جنرل سیکریٹری، ارتضی قریشی، نائب صدور خالد صدیق، اور AJS ذولفقار عالم نے اپنے اپنے محکموں کے مسائل پر گفتگو کی۔ میٹنگ کے دوران کچھ اہم امور/مسائل پر فوری احکامات جاری کیے گئے جن میں سلیکشن بورڈ کے زیر التوا کیسز اور بورڈ کی سفارشات پر عمل درآمد شامل ہیں۔ کامن پول میں اصلاحات سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے طریقہ کار بھی طے کر لیا گیا۔چیف سیکرٹری کی ہدایت پر سرپرست اعلیٰ چوہدری طیب آئندہ سیکرٹریز میٹنگ میں پالیسی میٹرز اور چارٹر آف ڈیمانڈ پر بریفنگ دیں گے۔ مزید یہ کہ تنظیم اور چیف سیکرٹری کے درمیان ہر دو ماہ بعد میٹنگ ہو گی جس میں مطالبات پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے وفد کو یقین دلایا کہ سرکاری ملازمین کے جملہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔تنظیم نے اس امید اور یقین کے ساتھ کہ آئندہ میٹنگ سے قبل چارٹر آف ڈیمانڈ پر مثبت پیش رفت کرتے ہوئے افسران کے مسائل حل کیے جائیں گے اپنا احتجاجی پروگرام آئندہ اجلاس تک موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔