ابیٹ آبادتازہ ترین

جماعت اسلامی عوامی مسائل حل کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ، عبدالرزاق

بٹگرام مرکز اسلامی بٹگرام میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام ایک بڑے ممبرشپ کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکڑوں نوجوانوں اور بزرگوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاءکی سب سے بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی خدمت اور خطے کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بٹگرام کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جن میں سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بجلی کی عدم فراہمی ہے۔ الائی ڈیم کی موجودگی کے باوجود بٹگرام اور آلائی کے عوام کو کسی قسم کی سہولت میسر نہ آنا ایک بڑی ناانصافی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی ان تمام مسائل کے حل کے لیے ایک منظم جدوجہد جاری رکھے گی۔اپنے خطاب میں امیر ہزارہ نے نوجوانوں کے لیے مفت اعلیٰ تعلیم کے حصول کے سلسلے میں ”بنو قابل پروگرام” کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے بٹگرام کے ہزاروں نوجوان مستفید ہوں گے۔اس موقع پر جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ہزارہ جاوید اختر اور امیر جماعت اسلامی بٹگرام انور بیگ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔مزید برآں، امیر ہزارہ نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا اگلا سنگ میل تین اکتوبر کو مانسہرہ میں ہونے والا ”بنو قابل پروگرام” ہے، جس میں ہزاروں نوجوانوں کا ٹیسٹ لیا جائے گا اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔ انہوں نے بٹگرام کے عوام کو اس پروگرام میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔اپنے دورہ بٹگرام کے موقع پر امیر ہزارہ نے بٹگرام پریس کلب کا بھی دورہ کیا اور نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دی۔

Related Articles

Back to top button