ترقیاتی منصوبوں معیار کے مطابق مکمل کیا جائے ، وزیر اعلیٰ

پشاور (بیورو رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت جمعہ کے روز صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اکرام اللہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ڈی ڈی پی کے تحت ترقیاتی اسکیموں سے متعلق ڈیٹا بمع کوآرڈینیٹس ایک ہفتے میں فراہم کیا جائے جبکہ نئی ترقیاتی اسکیموں کی منظوری کے لیے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیز کے فوری اجلاس منعقد کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیز میں منظور ہونے والی ترقیاتی اسکیموں کے جلد سے جلد ٹینڈرز جاری کئے جائیں اور ان ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی اسکیموں میں سو فیصد شفافیت اور کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ترقیاتی کاموں میں کوالٹی اور میرٹ پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈپٹی کمشنرز اس سلسلے میں کوئی بھی سیاسی سفارش یا دباﺅکو خاطر میں نہ لائیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز سروس ڈیلیوری کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی پر خصوصی توجہ دیں،ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرز کو بھر پور اختیارات دیئے گئے ہیں اس لئے ان پر ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق صوبائی حکومت کی واضح پالیسی ہے جس پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں وسیع تر عوامی مفاد کو پہلی ترجیح دی جائے۔ِ