Uncategorized

کنگ عبداللہ ہسپتال مریض کی ہلاکت غفلت پر ڈاکٹر سمیت عملہ معطل کرنے کی ہدایت

مانسہرہ(نامہ نگار)کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ میں نوجوان خضر خان کی مبینہ طور پر ہسپتال انتظامیہ کی غفلت کے باعث وفات کے واقعے پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام خان، محکمہ صحت کے ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل، ریجنل ڈائریکٹر صحت ہزارہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مانسہرہ، ڈاکٹر فیصل خانزادہ ایم ایس ڈاکٹر عبد العلیم تنولی و ڈی ایم ایس کنگ عبداللہ ہسپتال سمیت متعلقہ حکام شریک تھے۔ مرحوم خضر خان کے والد اور بھائی بھی اجلاس میں موجود تھے۔میڈیکل سپرڈنڈنٹ کنگ عبداللہ ہسپتال ڈاکٹر عبدالعلیم تنولی نے بتایا کہ گزشتہ روز ابتدائی انکوائری رپورٹ ہماری مکمل ہوئی ہے جس کے تحت واقعے میں ذمہ دار عملے کی غفلت کے شواہد ملے ہیں۔ اسپیکر بابر سلیم سواتی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کو فوری طور پر ذمہ دار ڈاکٹر کو معطل کرنے اور انکوائری کی روشنی میں مزید سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ محکمہ صحت نے سپیکر کو واضح کیا آج ہی ایم ایس ہمیں واٹس ایپ پر ابتدائی انکوائری رپورٹ بھیج دیں گے تو ہم متعلقہ ڈاکٹر کو معطل کر دیں گے اور پھر غفلت ثابت ہونے کی صورت میں نہ صرف برطرفی بلکہ پروفیشنل لائسنس کی منسوخی بھی یقینی بنائی جائے گی۔مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت یا بدعنوانی کسی طور برداشت نہیں کی جا سکتی کیونکہ یہ براہِ راست انسانی جانوں سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید سہولیات اور تربیت یافتہ افسران کی موجودگی کے باوجود کنگ عبداللہ ہسپتال کا محض ریفرل پوائنٹ بن جانا ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ تمام رکاوٹوں کی نشاندہی کر کے دو ماہ کے اندر اسپتال کو ایک فعال اور م¶ثر مرکزِ صحت میں بدلا جائے۔ مزید کہا گیا کہ طویل عرصے سے تعینات غیر فعال افسران کی جگہ نوجوان اور متحرک افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات میسر آئیں۔ اسپیکر نے دوٹوک م¶قف اپناتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والے خواہ ان کے قریبی عزیز ہی کیوں نہ ہوں، کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔اجلاس کے دوران اسپیکر نے آر ایچ سی شنکیاری میں الٹراسا¶نڈ مشین کی چوری کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر فیصل خانزادہ نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع دی گئی تھی لیکن ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔ اسپیکر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ کو اجلاس کے دوران فون پر ہدایت دی کہ فوراً ایف آئی آر درج کر کے ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے تاکہ عوامی املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button