وزیراعظم انوارالحق کی زیر صدارت اجلاس، قراء کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری

اسلام آباد (بیورورپورٹ‘پی آئی ڈی)آزادجموں و کشمیر تجوید القرآن ٹرسٹ کا اجلاس وزیراعظم آزادکشمیر / شریک چیئرمین ٹرسٹ چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ وزیر مذہبی امور و اوقاف احمد رضا قادری بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں مظفرآباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے وائس چیئرمین ٹرسٹ سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر،پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان،سیکرٹری مالیات اسلام زیب،سیکرٹری صدارتی امور شاہد ایوب،سیکرٹری مذہبی امور عامر محمود مرزا ، چئیرمین علماء ومشائخ مولانا امتیاز صدیقی،ناظم اعلیٰ حسابات کامران رشید خان اور ناظم مذہبی امورحافظ نذیر قادری نے شرکت کی۔اجلاس میں قراء / قاریات کی تنخواہوں میں 5000 روپے اضافے کی منظوری دی گئی جبکہ مقامی کمیٹی بھی 2500 روپے کا اضافہ کرے گی، اس طرح مجموعی طور پر 7500 روپے اضافے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں انسپکٹر قراء/ قاریات کی تنخواہوں میں بھی 5000 روپے اضافے کی منظوری دی گئی جبکہ 10 انسپکٹرز کی پوسٹوں کے اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں ضرورت کی بنیاد پر نئے مدارس کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ اس سے قبل زکوٰۃ کونسل کے اجلاس میں یومیہ 35 روپے سے اضافہ کر کے 50 روپے یومیہ کی منظوری دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تجوید القرآن ٹرسٹ کا قیام 1965 میں عمل میں لایا گیا،اس وقت آزادکشمیر میں ٹرسٹ کے زیر انتظام 1977 مدارس کام کر رہے ہیں جن میں مختلف مکتبہ فکر کے مستند قراء / قاریات متعین ہیں۔ میرپور ڈویژن میں قراء/ قاریات کی تعداد 614،پونچھ ڈویژن میں 783 جبکہ مظفرآباد ڈویژن میں 580 ہے۔ ان مدارس میں زیر تعلیم طلباء کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار ہے۔اجلاس کے اختتام پر چئیرمین علماء و مشائخ مولانا امتیاز صدیقی نے وزیراعظم کی صحت یابی،درازی عمر اور ملک کی سلامتی کیلیے خصوصی دعا کی۔