عوامی ایکشن کمیٹی اپنی بصیرت سے عوامی مسائل حل کرانے میں کامیاب ہوئی، شیخ اظہر

مظفرآباد (خصوصی رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ممبر اور سابق امیدوار اسمبلی شیخ اظہر نے حکومت پاکستان کے نمائندوں اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف ریاستی عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کی طرف پیش رفت ہے بلکہ اس سے پاکستان اور اہلِ کشمیر کے درمیان ازلی اور اٹوٹ رشتے میں مزید مضبوطی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کو اپنی منزل اور اپنا سہارا سمجھا ہے اور اب یہ معاہدہ اس رشتے کو نئی توانائی بخشے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں نے حالات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کی مگر کشمیری عوام کی بصیرت، اتحاد اور قربانیوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔شیخ اظہر نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی میڈیا نے حالیہ صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور اسے اپنے مکروہ عزائم کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی، لیکن کشمیر کے غیرت مند اور بہادر عوام اور خاص طور پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے نہایت تدبر اور حکمت عملی سے بھارتی پروپیگنڈے کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد اور یکجہتی ہی کشمیری عوام کی سب سے بڑی طاقت ہے جس کے باعث بھارت اپنے مذموم ارادوں میں بارہا ناکام ہوتا آیا ہے۔