مظفرآباد

بھارت کے ریاست پر غاصبانہ قبضہ کیخلاف کشمیری آج یوم سیاہ منائینگے، صدر، وزیراعظم

سرینگر(کے پی آئی) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 78 سال پورے ہونے پر آج 27اکتوبر کو(پیر کو) یوم سیاہ منائیں گے تاکہ عالمی برادری کی توجہ جموں و کشمیر پر بھارت کے مسلسل غیر قانونی قبضے کی طرف مبذول کرائی جاسکے۔ ۔ اس موقع پر آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور دنیا کے مختلف شہروں میں کشمیری احتجاجی مظاہرے کریں گے،بھارتی فوج نے27اکتوبر 1947 کوتقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیری عوام کی مرضی کے بر خلاف جموں و کشمیر پر حملہ کرکے ا س پر جابرانہ قبضہ کرلیاتھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھرمیں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ پیر کو یوم سیاہ منائیں تاکہ عالمی برادری کو یہ باورکرائے جاسکے کہ مسئلہ کشمیر کو جو عالمی امن کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتاہے، فوری طورپر حل کرنے کی ضرورت ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری سالہاسال سے 10لاکھ سے زائدبھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسزاور ایجنسیوں کے مسلسل محاصرے میں ہیں جنہوں نے کشمیریوں کے خلاف ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ پیر کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہڑتال ہوگی اور سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے جبکہ آزاد کشمیر سمیت پوری دنیا میں کشمیری یوم سیاہ کے موقع پر ریلیاں نکالیں گے،سیمینارز اور دیگر پروگرامات میں اس دن کے حوالے سے عالمی برداری پر زوردیا جائے گا کہ وہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو ختم کرنے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے

Related Articles

Back to top button