کشمیر بنے گا پاکستان، آج بھی وادی کشمیر کا مقبول ترین نعرہ ہے،سردار عتیق
مظفرآباد(محاسب نیوز)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کا کہنا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان آج بھی وادی کا مقبول ترین نعرہ ہے،آپریشن بنیان المرصوص سے دنیا کا نقشہ تبدیل ہوگیا،ساری دنیا نے پاکستان کی فوجی صلاحیتوں کا اعتراف کیاہے،تفصیلات کے مطابق آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام ہفتہ یوم شہدائے جموں کا اختتامی پروگرام گوجرانوالہ میں گوجرانوالہ چیمبر ہال میں یوم شہدائے جموں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عقیق احمد خان کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوان دس لاکھ بھارتی فوج کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے ہوئے ہیں اور اپنے خون سے آزادی کی نئی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ لازوال اور اٹوٹ ہے، جسے کوئی طاقت توڑ نہیں سکتی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا کوئی ایسا گاؤں نہیں جہاں کا ایک یا دو نوجوان سری نگر کے قبرستان میں مدفون نہ ہوں، کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستان کے چھ لاکھ سے زائد نوجوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ کشمیر بنے گا پاکستان آج بھی وادی کا سب سے مقبول ترین نعرہ ہے۔ جس سے وادی گونج رہی ہے۔کشمیری نوجوانوں کا جذبہ آج بھی مثالی ہے، اور اگر آپ مقبوضہ وادی میں کسی بھی کشمیری نوجوان کی گھڑی دیکھیں تو اس کا وقت پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سیٹ ہوتا ہے، جو کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت اور عقیدت کا مظہر ہے۔ سردار عتیق احمد نے کہا کہ بنیان المرصوص آپریشن کے بعد دنیا کا نقشہ تبدیل ہوچکا ہے۔ ساری دنیا پاکستان کی فوجی صلاحیتوں کی معترف ہو چکی ہے۔ اور بھارت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ہے سابق وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں جس دن ڈالر کے مقابلے میں چین نے اپنی کرنسی جاری کردی اس دن دنیا کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔ چین نے حال ہی میں ہتھیاروں کی جو نمائش کی ہے اس سے ساری دنیا چکرا کر رہ گئی ہے۔ سردار عتیق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اب وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت کے مطابق آزادی دینی چاہیے۔ آج یوم شہداء کشمیر جس شان و شوکت سے منایا جارہا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی،تقریب سے سابق وزیر آزاد کشمیر حافظ حامد رضا،سابق وزیر آزاد کشمیر چوہدری مقبول گجر،آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس پنجاب کے صدر وحیدالحق ہاشمی ایڈووکیٹ،سابق ایم پی اے توفیق احمد بٹ،سردار عثمان عتیق،راجہ محمد شعیب،مرزا ظفر اقبال،راجہ عارف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔




