کاروباری کی اصل بنیاد صداقت، امانت، باہمی رضامندی ہے،اشفاق ظفر

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدرصاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کاروبار کی اصل بنیاد صداقت،امانت،انصاف اور باہمی رضامندی ہے،اسلام نے معاشی لین دین کو صرف دنیاوی ضرورت نہیں بلکہ ایمان کا حصہ قرار دیا ہے، قرآن پاک میں بے ایمانی، ناپ تول میں کمی، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور دھوکے سے سختی سے منع کیا گیا ہے جبکہ نبی کریم ﷺ نے امانت دار اور سچے تاجر کو قیامت کے دن انبیاء، صدیقین اور شہداء کی معیت کی خوشخبری دی ہے۔ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی رہنماء صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر نے عدالت بازار ہٹیاں بالا میں یو بی کیفے اینڈ ریسٹورنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل یوبی کیفے کا افتتاح اشفاق ظفر نے فیتا کاٹ کر کیا،تقریب میں سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ناصر الدین چک، صدر پیپلز پارٹی جہلم ویلی راجہ پرویز اقبال،سابق امیدوار ضلع کونسل ڈاکٹر فیاض احمد،ایڈووکیٹ فواد الحسن،ایڈووکیٹ خورشید اعوان، ایڈووکیٹ شجاعت گیلانی،اظہر خورشید،عبدالغفور صمد، راجہ طاہر، عدنان ریاض،محمد حنیف سمیت معززین علاقہ،پولیس افسران نے شرکت کی،اشفاق ظفر نے مزید کہا کہ آج معاشرے میں مہنگائی، مصنوعی بحران اور ناجائز منافع خوری کا بڑھ جانا دراصل اسلامی اصولوں سے دوری کا نتیجہ ہے،اگر تاجر، صنعت کار اور مارکیٹ سے وابستہ تمام شعبے قرآن و سنت کے مطابق معاملات طے کریں تو انصاف اور معاشی استحکام خود بخود پیدا ہو جائے گا اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ بھی کم ہوگا،شرکاء نے یو بی کیفے کی انتظامیہ، اونرز عثمان شبیر اور بلال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے عدالت بازار جیسے مرکزی مقام پر ایک معیاری، صاف ستھرا اور فیملی ریسٹورنٹ قائم کر کے علاقے کی ضرورت پوری کر دی ہے،افتتاحی تقریب میں امید ظاہر کی گئی کہ یو بی کیفے اینڈ ریسٹورنٹ جہلم ویلی میں معیاری فوڈ کلچر کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔کیفے کے مالک نے شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔۔۔۔




