مظفرآباد

باجوڑ“فورسز کی کارروائیاں‘ 35دہشتگرد ہلاک، 12جوان شہید

راولپنڈی (بیورو رپورٹ)خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 35 دہشت گرد ہلاک اور 12 جوان شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 10 سے 13 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 35 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 ہلاک کئے گئے۔دوسری کارروائی ضلع جنوبی وزیرستان میں کی گئی جہاں مزید 13 دہشت گرد مارے گئے تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک سرزمین کے 12 بہادر سپوت مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد ان علاقوں میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ انٹیلی جنس رپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان دہشت گرد کارروائیوں میں افغان شہری براہِ راست ملوث تھے اور افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا بدستور تشویشناک معاملہ ہے،پاکستان عبوری افغان حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔فورسز کی جانب سے علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا،آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ اور ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے ان آپریشنز میں 35 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے، وزیراعظم نے ضلع جنوبی وزیرستان کے آپریشن میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے،وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی ہے، وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی،۔شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں،پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

Related Articles

Back to top button