
کھوئی رٹہ اور گردونواح کے راستے، جہاں کبھی پہاڑوں کی ٹھنڈی ہوا اور قدرت کا سکون محسوس ہوتا تھا، اب وہاں ایک نئے خطرے کی آہٹ سنائی دے رہی ہے۔ نوجوانوں کے ہاتھ میں کتابیں نہیں، ایک ہاتھ میں Sting اور دوسرے میں Gabica ہے۔ یہ وہ امتزاج ہے جو ذہن، دل اور اعصاب کو خاموشی سے تباہ کر رہا ہے۔
Gabica (Pregabalin) ایک نسخہ والی دوا ہے جو اعصابی درد، گھبراہٹ اور ذہنی تناو? کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہے، مگر نوجوان اسے نشہ کے طور پر لے رہے ہیں۔ اس کا غلط استعمال یادداشت کمزور کرتا ہے، چکر لاتا ہے، دل کی دھڑکن بگاڑ دیتا ہے، موڈ تبدیل کرتا ہے اور بعض اوقات خودکشی کے خیالات تک پیدا کر دیتا ہے۔
دوسری طرف Sting ایک انرجی ڈرنک ہے جس میں کیفین اور شکر کی بھاری مقدار دماغ کو وقتی فریب دیتی ہے۔ لیکن جب یہی Sting، Gabica کے ساتھ لی جاتی ہے تو دماغ اور دل ایک خطرناک دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہی امتزاج نوجوانوں کو ”سستا مگر خطرناک نشہ“ محسوس ہوتا ہے اور وہ تیزی سے اس کی لت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
یہ نشہ اتنا سستا، اتنا آسان، اور اتنی خاموشی کے ساتھ پھیل رہا ہے کہ کئی والدین، اساتذہ اور محلے والے تب تک نہیں جانتے جب تک بچے کی حالت بگڑ نہ جائے۔ کچھ علاقوں میں لڑکے لڑکیاں یہ نشہ چھپ کر نہیں بلکہ سرِعام کر رہے ہیں، جبکہ عطائی، ڈیلرز اور بعض میڈیکل اسٹور اسے دانستہ بیچ رہے ہیں۔ قانونی طور پر Gabica بغیر نسخہ فروخت کرنا جرم ہے۔ جو میڈیکل اسٹور کم عمر لڑکوں اور لڑکیوں کو یہ دوا دیتا ہے وہ Drug Act اور DRAP قوانین کے تحت قابلِ سزا ہے۔ ایسے میڈیکل اسٹور پر جرمانہ، لائسنس کی منسوخی اور قانونی کارروائی لازم بنتی ہے۔ اسی طرح جو شخص نوجوانوں کو نشہ کی نیت سے یہ دوا دیتا ہے، وہ بھی جرم کا مرتکب ہے اور اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹرز کو اس وقت فوری ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ تمام میڈیکل اسٹورز کو سختی سے متنبہ کیا جائے کہ ڈاکٹر کی پرسکریپشن کے بغیر Pregabalin، Tramadol، Alprazolam، نیند کی گولیاں اور دیگر حساس ادویات کسی صورت کم عمر لڑکے یا لڑکی کو نہ دی جائیں۔ ان ادویات کو مکمل طور پر ممنوع قرار دیا جائے اور خلاف ورزی پر سخت سزا دی جائے۔متبادل ادویات کا غلط استعمال بھی بڑ رہا ہے۔ نوجوان Tramadol، Alp، نیند آور گولیاں اور اینٹی ڈپریسنٹس کو بھی نشہ کی نیت سے لے رہے ہیں۔ یہ سب دوا ہیں، علاج ہیں، مگر نشہ نہیں۔ ان سب کو بھی کم عمر افراد کے لیے سختی سے ممنوع قرار دیا جانا چاہیے۔
یہ معاملہ صرف پولیس یا محکمہ صحت کا نہیں، پورے معاشرے کا ہے۔ والدین بچوں کے رویے، نیند، آنکھوں اور دوستوں کے حلقے پر نظر رکھیں۔ اساتذہ اسکولوں میں آگاہی دیں۔ خطیب جمعہ کے خطبوں میں نشہ کے نقصانات بیان کریں۔ صحافی اور سوشل میڈیا کارکن اس موضوع پر مسلسل آواز اٹھائیں۔ علاقے کے معتبر لوگ نشہ فروشوں کا سماجی بائیکاٹ کریں۔
اگر آج ہم نے یہ جنگ نہ لڑی تو کل یہ زہر ہر گھر کا مسئلہ بن جائے گا۔ Sting + Gabica کوئی بے ضرر امتزاج نہیں بلکہ ایک ایسا خاموش قاتل ہے جو ہماری نسل کو اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے۔ اس آگ کو ابھی بجھانا ہو گا۔
٭٭٭٭٭٭




