یوم شہداء نیلم پر اٹھمقام میں شاندار تقریب، پاک افواج کو خراج تحسین

نیلم(راجہ ساجد سے) بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یوم شہداء نیلم انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ 23 نومبر 2016 کے شہداء کی یاد میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز آٹھمقام میں جموں و کشمیر لبریشن سیل اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام بوائز ڈگری کالج آٹھمقام میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب شہداء کو خراج عقیدت، غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ افواج پاکستان کی سرحدی کامیابیوں کو سراہا گیا۔ تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام چوہدری بشارت جبکہ تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لبریشن سیل، ضلعی آفیسران، بلدیاتی نمائندگان، سیاسی قیادت، وکلاء، صحافی، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارتی استبداد کا شکار ہونے والے شہداکوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت جبکہ غازیوں کوخراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام چوہدری بشارت و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے،ریاست جموں کشمیر کے عوام اپنے حق خود ارادیت کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت کی دس لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں نہتے انسانوں کا قتل عام کر کے جنگی جرائم کر رہی ہے، پاکستان کی محافظ افواج نے آپریشن بنیان المرصوص میں بھارتی غرور کو خاک میں ملایا، کشمیر کے عوام اپنی بہادر مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اپنی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، ریاست جموں کشمیر کے عوام اور پاک آرمی بھارت کے جنگی جنون کو خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، شہداء کے کاز کو جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی جہدو جہد آزادی کو جاری رکھا جائے گا۔ یاد رہے 23 نومبر 2016 کو انڈین آرمی نے نگدر کناری کے مقام پر ایک مسافر بس کو راکٹ لانچر کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے تھے۔ شہداء میں خواجہ محمد رفیق، ظہور حسین شاہ، خواجہ سلطان، خواجہ منظور، خواجہ شفیع، ملک محمد اقبال، چوہدری احمد، محمد مشتاق شکیل، محمد یونس، محمد اشرف لون، سید مختیار شاہ، محمد زبیر جبکہ غازیان میں محمد عارف مصطفائی، راجہ گلفام، شاہد محمود، محمد بشیر، شرافت حسین، خواجہ جواد، فضل حسین، پیرزادہ بشیر، خواجہ عمران، میوہ جان، فردوس بی بی، جویرہ بی بی، گلنار بی بی اور فریدہ بی بی شامل ہیں۔ یوم شہداء کی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنرہیڈکوارٹر آٹھ مقام چوہدری بشارت، پروفیسر مشتاق مغل، عارف مصطفائی،اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم،چیئرمین یونین کونسل نگدر / نیلم خواجہ انیس علی،ڈسٹرکٹ کونسلر نمبردار لیاقت حسین، سیاسی وسماجی شخصیت عبدالشکور بانڈے،صدر معلم رفیق صمد،ٹیچر آرگنائزیشن کے عہدیدار معلم طارق لون ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔ڈی ایس پی سردار چوہدری ظہیر نے ہمراہ نفری بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے ایصال ثواب مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام کے لئے دعا کی گئی۔




