گلگت بلتستان

انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے،سیکریٹری اطلاعات

نئے سب آفس کے قیام سے حکومتی معلومات کی شفاف ترسیل، میڈیا کو موثر رسپانس اور ادارتی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی

چلاس(محاسب نیوز)سیکریٹری اطلاعات حکومت گلگت بلتستان دلدار احمد ملک نے دیامر،استور ڈویژن میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سب آفس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں تک محکمے کی رسائی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت تھی۔ نئے سب آفس کے قیام سے حکومتی معلومات کی شفاف ترسیل، میڈیا کو موثر رسپانس اور ادارتی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں۔ سیکریٹری اطلاعات نے دیامر کے عوام، ضلعی انتظامیہ اور معاون خصوصی اطلاعات کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دفتر خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا،اور یہ اقدام گلگت بلتستان میں جدید انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے فروغ کے حکومتی وژن کا حصہ ہے۔سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ کی جانب سے دو اہم پالیسیوں ایڈورٹائزمنٹ پالیسی اور ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی باقاعدہ منظوری ایک اہم سنگ میل ہے۔ڈیجیٹل میڈیا کو ہم مزید ترقی دے کر آگے لے کر جائیں گے۔سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص سے لے کر اب تک کے تمام قومی معاملات میں منفی پروپیگنڈا کے تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات نے موثر کردار ادا کیا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ محکمہ اطلاعات کو ایک رول ماڈل کے طور پر استوار کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ مثبت اور تعمیری رپورٹنگ صحافیوں کا بنیادی شیوہ ہے، اس لیے افواہوں کو غیر ضروری طور پر پھیلنے نہ دیا جائے۔ ہم ذمہ دارانہ صحافت کی توقع رکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ صحافی برادری اس کا بھرپور مظاہرہ کرے گی۔

Related Articles

Back to top button