گلگت بلتستان

پوری قوم شہیدوں کے عظیم ایثار کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،ایمان شاہ

سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے،ایمان شاہ

گلگت(ّمحاسب نیوز)جنوبی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے 12 بہادر جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ ان شہیدوں نے اپنے لہو سے وطن کی مٹی کو امن کی قیمت ادا کر کے امر کر دیا۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان بہادروں کے ایثار اور قربانی پر فخر کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ایمان شاہ نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کی بھی ستائش کی، جن کے نتیجے میں 35 فتنہ انگیز بھارتی سپانسرڈ خارجی عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔ یہ آپریشنز ملک کے مختلف علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی لگن اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔معاون خصوصی اطلاعات گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ شہید جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، بہادر جوان قوم کے ہیروز ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پوری قوم ان کے عظیم ایثار کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہادری اور حوصلے کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

Related Articles

Back to top button